بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک مرتبہ اپنے خود کے بچوں کی پیدائش سے متعلق سوچا تھا لیکن یہ منصوبہ پورا نہیں ہوسکا۔
سلمان خان اور پوجا ہیگڑے کی نئی فلم ‘کسی کا بھائی کسی کی جان’ عید الفطر پر ریلیز کی گئی جس کی تشہیری مہم تاحال جاری ہے اور اداکار اس حوالے سے کئی بھارتی شوز میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں۔
سلمان خان کا بچوں سے پیار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، وہ اکثر ہی اپنے بھتیجوں یا بھانجوں کے ساتھ وقت گزارتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں سلمان خان انڈیا ٹی وی کے شو ‘آپ کی عدالت’ کے مہمان بنے جس میں انہوں نے بچوں کے حوالے سے بات کی۔
اداکار سے جب شادی اور بچوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب میں کہا ‘ابھی کیا بولوں، بچوں کا تو پلان تھا، بہو کا نہیں تھا، لیکن اب قانون کے حساب سے وہ بھارت میں نہیں ہوسکتا، اب دیکھیں گے کیا کریں’۔
سلمان خان سے سوال کیا گیا آپ کرن جوہر سے بھی پوچھ رہے تھے کہ شادی کیوں نہیں کی؟ وہ تو دو دو بچوں کے باپ (سروگیسی کے ذریعے) بن گئے ہیں، اداکار نے جواب دیا ‘میں بھی یہ ہی کوشش کررہا تھا لیکن شاید اب قانون تبدیل ہوچکا ہے، بچوں کا بڑا شوق ہے مجھے’۔
انہوں نے کہا ‘بچوں کے ساتھ ماں بھی آتی ہے لیکن ہمارے گھر میں مائیں ہی مائیں ہیں، پھر پورا ضلع اور پورا گاؤں ہے، وہ بچوں کی اچھی دیکھ بھال کرلیں گے’۔
واضح رہے کہ ڈائریکٹر و پروڈیوسر کرن جوہر شادی شدہ نہیں ہیں، ان کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بیٹا اور بیٹی کی پیدائش 2017 میں ہوئی تھی۔









