بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیاں فروغ دینے کیلئے میرتھن ریس کرانا چاہتے ہیں۔ احسن بختاوری

سائیکلنگ ایونٹ منعقد کرنے پر ڈی ایچ او اسلام آباد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ عرفان نواز میمن
رن اینڈ رائیڈ سائیگلنگ ایونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر اسلام آباد انتظامیہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے اسلام آباد میں ایک میرتھن ریس کرانا چاہتا ہے تا کہ مصروفیت کے اس دور میں نوجوانوں میں صحت سرگرمیاں فروغ دے کر ایک صحت مند معاشرہ تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میرتھن ریس میں ڈیپلومیٹک کمیونٹی، ریٹائرڈ افراد اور حکومت کے اعلیٰ افسران کو بھی مدعو کیا جائے گا تا کہ معاشرے کیلئے صحت مند سرگرمیوں کی اہمیت کو بہتر طور پر اجاگر کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف نائن پارک سے شروع ہونے والی رن اینڈ رائیڈ سائیکل ریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام ڈی ایچ او اسلام آباد نے اسلام آباد انتظامیہ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، یونیسف اور ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے کیا جس کا مقصد شہریوں میں صحت مند سرگرمیوں کی اہمیت کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنا تھا۔ پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن اسلام آباد کے ہیڈ پروفیسر اعجاز اے خان، پاکستان میں یونیسف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل، ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
احسن بختاوری نے کہا کہ آج کل نوجوان موبائل فون اور سوشل میڈیا سے زیادہ وابستہ ہو گئے ہیں جس وجہ سے وہ صحت مند سرگرمیوں سے دور ہوتے جا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ معاشرے میں شوگر، بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں سمیت دیگر امراض بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بیماریوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے اور ایک صحت مند معاشرے کو فروغ دینے کیلئے سائیکل کلچر،کھیلوں، دوڑ لگانے کی سرگرمیوں سمیت پیدل چلنے کی عادت کو فروغ دینا ہو گا تاکہ لوگ بیماروں سے محفوظ رہیں اور صحت مند زندگی حاصل کر کے معیشت کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ آج کل ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھتا جا رہا ہے اور آبادی میں اضافے کی وجہ سے حکومت کیلئے بھی شہروں اور دیہاتوں میں مزید ہسپتال قائم کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے لہذا ان سب مسائل کا بہتر حل عوام کو صحت مند طرز زندگی کی طرف راغب کرنا ہے جس سے مریضوں کی تعداد کم ہو گی اور ملکی وسائل پر بوجھ بھی کم ہو گا۔ انہوں نے ریس میں موجود ہیلتھ ورکرز کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے کرونا کے دوران عوام کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے سے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اپنے خطاب میں چیمبر اور دیگر اداروں کے تعاون سے سائیکل ریس کا اہتمام کرنے پر ڈی ایچ او اسلام آبادڈاکٹر زعیم ضیاء کی کاوش کو خراج تحسین پیش کیا کیونکہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے اس طرح کی سرگرمیاں بہت مفید کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کی طرف سے اسلام آباد میں ایک میرتھن ریس منعقد کرنے کی تجویز کو بھی سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد انتظامیہ اس سلسلے میں چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیاء نے اپنے خطاب میں سائیکل ریس منعقد کرنے کے اغراض و مقاصد سے شرکاء کو آگاہ کیا اور اس ریس کو کامیاب بنانے کیلئے اسلام آ باد چیمبر آف کامرس سمیت دیگر اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر شرکاء کا بھی ریس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
پاکستان میں یونیسف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل نے کہا کہ پاکستان نے کرونا ویکسین کے ذریعے زبردست کام کیا اور بہت سی زندگیاں بچائیں لہذا ہمیں ایسی ہی کوششوں کے ذریعے عوام کی قوت مدافعت کومضبوط کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، بابر چوہدری، نثار مرزا، محسن ملک اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔