بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

برطانیہ کا اسائلم کے متلاشی ہزاروں افراد کو روانڈا بھیجنے کا اعلان

لندن (نیوز ڈیسک )برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ (اسائلم ) کی درخواست دینے والوں کو افریقی ملک روانڈا پہنچا دیا جائے گا اور درخواست منظور ہونے تک انہیں وہیں رکھا جائے گا۔

خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر آنے والوں کے اسائلم کا فیصلہ روانڈا میں ہی کیا جائے گا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد برطانیہ کو درپیش غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کے مسئلے سے نمٹنا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم بورس جانسن کی ہدایت پر برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل روانڈا کے دورے پر روانہ ہوئی ہیں جہاں تارکین وطن کو رکھنے کے ایک مرکز کے قیام کے منصوبے پر بات چیت کریں گی۔

رپورٹ کے مطابق اس مرکز کے قیام پر ابتدائی طور پر 120 ملین پاؤنڈز کی رقم خرچ کی جائے گی جو 158 ملین ڈالرز کے برابر بنتے ہیں۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے برطانوی وزیر اعظم کے اس فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روانڈا میں امن و امان کی صورتحال پہلے ہی خراب ہے۔

یاد رہے کہ ان دنوں بورس جانسن شدید تنقید کی زد میں ہیں جس کی وجہ کووڈ 19 لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف جرمانہ عائد کیا جانا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسی بات کی توقع کی جا رہی ہے کہ اس تنقید سے بچنے کے لیے وہ اپنے اُس منصوبے پر عملدرآمد کر رہے ہیں جس کے تحت برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے افریقی ملک روانڈا پہنچایا دیا جائے گا اور ان کی درخواستوں پر غور کے دوران انہیں وہیں رکھا جائے گا۔