بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور ترکیہ دوستی کے عظیم رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، ایس ایم تنویر

اسلام آباد (ممتازنیوز) پنجاب کے وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دوستی کے عظیم رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی باہمی کاروباری تعلقات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اسے مثالی بنائے جس سے دونوں کے عوام کیلئے زیادہ فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ترکیہ کے کمرشل قونصلر انیس ملک سیٹین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں لہذا دونوں ممالک ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے آزاد تجارت کا معاہدہ کرنے پر غور کریں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اگست 2022 میں ترجیحی تجارت کے معاہدے پر دستخط کیے تھے جو یکم مئی 2023 سے نافذ العمل ہو گیا ہے اور اس امید کااظہار کیا کہ اس سے دونوں کی باہمی تجارت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے کے تحت دونوں ممالک کی متعدد مصنوعات کو ایک دوسرے کی مارکیٹ میں ترجیحی رسائی فراہم کی گئی ہے لہذا اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے اس معاہدے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں تا کہ تجارتی تعلقات مزید بہتر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ ترکیہ کی اہم درآمدات کی ایک فہرست آئی سی سی آئی کے ساتھ شیئر کرے تاکہ کاروباری برادری ترکیہ کو مزید مصنوعات برآمد کرنے کی کوشش کرے۔
ترکیہ کے کمرشل قونصلر انیس ملک سیٹین نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کو اپنا گہرا دوست سمجھتا ہے اور اس کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ترکیہ پاکستان کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ کرنے پر غور کر سکتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے تمام ممکنہ شعبوں کو تلاش کرنے کے لیے پاکستان اور ترکیہ کی تجارتی تنظیموں کے درمیان قریبی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، سیمنٹ اور ماربل سمیت اپنی متعدد مصنوعات مناسب قیمت پر ترکیہ کو برآمد کر سکتا ہے لہذا ترکیہ پاکستان سے ان مصنوعات کو درآمد کرنے کی کوشش کرے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے پاکستان اور ترکیہ سفارتخانے کے درمیان متواتر روابط کی ضرورت پر زور دیا تا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے تمام ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جائے۔
چیمبر کے سابق صدر اور گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ اپنے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے درمیان براہ راست روابط قائم کرنے پر توجہ دیں جس سے دونوں کی باہمی تجارت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ سڑک اور ریلوے روابط کو بہتر کریں جس سے دونوں کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو تقویت ملے گی۔
وقار بختاوری صدر چکوال چیمبر آف کامرس، امیر حمزہ، رضوان چھینہ، چوہدری جاوید اقبال، ہمایوں کبیر، منیزہ مجید، چوہدری محمد علی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔