پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ جویریہ سعود نے انکشاف کیا ہے کہ ایک اداکارہ نے ان کی شادی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔
جویریہ سعود نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب سعود کے گھر والے میرے والدین سے رشتے کی بات کرنے آئے تو انڈسٹری کے تقریباََ تمام بڑے اداکاروں کو ساتھ لے کر آئے تاکہ میرے والدین کو شادی کے لیے آرام سے راضی کرسکیں۔
اُنہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ لیکن جب تمام بڑے اداکاروں کو لانے کے بعد بھی بات نہیں بنی تو پھر وہ لوگ آرمی سے اپنے کچھ دوستوں کو ساتھ لے آئے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ پھر میرے والدین راضی ہوگئے تو سعود نے شادی تک انڈسٹری کے لوگوں سے منگنی کو چُھپائے رکھنے کا فیصلہ کیا۔
جویریہ سعود نے بتایا کہ سعود نے منگنی چُھپانے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ کوئی ہمارے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش نہ کرے۔
اُنہوں نے انکشاف کیا کہ جب شادی طے ہونے والی تھی تو ہمارے گھر میں ایک اداکارہ آئیں اور اُنہوں نے میری والدہ سے آکر کہا کہ سعود کی تو امریکا میں ایک شادی ہوچکی ہے،اس لیے آپ کو اپنی بیٹی کی شادی اس سے نہیں کروانی چاہیئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ پھر مجھے بعد میں پتہ چلا کہ وہی اداکارہ سعود کے گھر بھی گئیں اور ان کی والدہ سے کہا کہ جویریہ تو بچوں کی ماں ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اداکارہ کی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور شادی کرلی۔
واضح رہے کہ سعود اور جویریہ سعود پچھلے 17 برس سے ساتھ ہیں اور ایک خوشحال ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔









