انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیئرمین گریگ بارکلے نے پاکستان کا دورہ کرنے کی وجہ بتادی۔
آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس کا دو روزہ لاہور کا دورہ اختتام کو پہنچا، گریگ بارکلے اور جیف ایلرڈائس نے اپنے دورے کے دوران قومی کرکٹ اکیڈمی، لاہور قلعہ، لاہور میوزیم، مینار پاکستان اور سیف سٹی پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا۔
آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا کہ انہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، ان کی سوچ یہ ہے کہ آئی سی سی کے تمام رکن ممالک کا دورہ کیا جائے اور دیکھا جائے کہ ہر رکن ملک میں کرکٹ اور اس کے انتظامی معاملات اس کے دائرہ اختیار کے تحت کس طرح چلائے جارہے ہیں کیونکہ ہر ملک اپنے سائز، معیشت اور کرکٹ کی درجہ بندی کے اعتبار سے دوسرے سے مختلف ہے
‘پی سی بی دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہا ہے’
گریگ بارکلے نے پاکستان میں کرکٹ کی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولتیں اور کرکٹ سے متعلق پروگرام بہت زبردست ہیں، اب چونکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آچکی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی مرد اور خواتین کرکٹ کو اگلے درجے پر دیکھیں گے اور کمرشل نقطہ نظر سے بھی اس کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔
گریگ بارکلے کا کہنا تھاکہ انہیں مرد اور خواتین کرکٹ کی ترقی اور انتظامی سطح پر اس کی منصوبہ بندی سے متعلق جو بریفنگ دی گئی اس سے وہ بہت خوش ہوئے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں شرکت اور کامیابیوں کے تناظر میں صلاحیت کے اعتبار سے پاکستان کی خواتین کرکٹ کا مستقبل بہت اچھا ہوگا۔
گریگ بارکلے نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستان کے دورے میں جو کچھ دیکھا ہے اس سے وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں، جیسا کہ آئی سی سی کے نقطہ نظر سے ہم اس کھیل کو دنیا بھر میں وسعت دینا چاہتے ہیں اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی موجودگی خوشی کا باعث ہے۔
نجم سیٹھی کا بیان:
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ اور آئی سی سی کے ڈائریکٹر نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ اس دورے کے لیے گریگ بارکلے اور جیف ایلرڈائس کے شکر گزار ہیں، اس دورے نے آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے خیالات اور آئیڈیاز کے تبادلے کا موقع فراہم کیا۔
پاکستان میں دو طرفہ کرکٹ کیلئے پی سی بی کے اقدامات قابل تعریف ہیں: چیئرمین آئی سی سی








