کراچی کے ضلع وسطی میں نامور شخصیات کی رہائش گاہوں کو اب نیلی تختیوں کے ذریعے شناخت دی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے یادگاری تختیاں نصب کرنے کے منصوبے (Commemorative Blue Plaque Initiative) کے تحت ابتدائی طور پر معروف قوال امجد فرید صابری، لیجنڈری فنکار عمر شریف اور نامور مصور سید صادقین علی نقوی کی رہائش گاہوں پر نیلی تختیاں نصب کی ہیں۔
شہید امجد صابری کے بھائی طلحہ صابری نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے نمائندے ان کے گھر آئے اور نیلی تختی نصب کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔
طلحہ صابری کے مطابق انتظامیہ کے نمائندوں نے بتایا کہ انہیں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے امجد صابری کی رہائش گاہ پر یادگاری تختی نصب کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔ جب انہوں نے تختی دیکھی تو اس پر اپنے بھائی کا نام، تاریخ پیدائش اور تاریخ شہادت درج تھی۔ یہ دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی کہ شہر کے نامور فنکاروں اور شخصیات کو یاد رکھا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات ہونے چاہییں تاکہ نئی نسل بھی اپنے فنکاروں اور لیجنڈز کے بارے میں جان سکے۔
طلحہ صابری نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی کہ ان کے بھائی کے ساتھ ان کے والد، معروف قوال غلام فرید صابری کے نام کی تختی بھی نصب کی جائے تو انہیں مزید خوشی ہوگی۔
امجد صابری کی رہائش گاہ پر نصب تختی پر درج ہے کہ یہاں نامور قوال رہا کرتے تھے۔
طلحہ صابری نے بتایا کہ لیاقت آباد میں ان کا بچپن اور جوانی گزری اور اس علاقے سے ان کی بے شمار یادیں وابستہ ہیں۔
ان کے بقول، ’ہم نے یہیں اپنے والد اور بھائی کو عروج حاصل کرتے دیکھا۔ آج بھی اگر آپ کسی سے کہیں کہ امجد صابری کے گھر جانا ہے تو لوگ آپ کو گھر کے دروازے تک پہنچا دیں گے۔ دکھ اس بات کا ہے کہ جن شخصیات کے نام سے اس گھر کو پہچان ملی، وہ اب اس دنیا میں نہیں رہے۔‘
نیلی تختی کے لیے شخصیات کا انتخاب کیسے کیا گیا؟ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم نے جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ یادگاری تختیوں کے لیے شخصیات کے انتخاب کی غرض سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
ان کے مطابق ’ہم نہیں چاہتے تھے کہ شخصیات کا انتخاب صرف بیوروکریسی کی صوابدید پر ہو اس لیے ایک کمیٹی بنائی گئی جس میں صحافی ولی اللہ، عافیہ سلام، عقیل عباس جعفری، مرزا اقبال بیگ اور آرٹس کونسل کراچی کے رکن شکیل خان شامل ہیں۔ یہ تمام افراد کراچی کے مسائل، تہذیب اور ادب کو سمجھتے ہیں، لہٰذا تختیوں کے لیے شخصیات کا انتخاب کمیٹی کی سفارشات پر کیا جا رہا ہے‘۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ابتدائی مرحلے میں امجد صابری، عمر شریف اور صادقین کی رہائش گاہوں پر نیلی تختیاں نصب کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الحال یہ طے نہیں کیا گیا کہ اس منصوبے کے تحت کتنی شخصیات کے گھروں پر تختیاں لگائی جائیں گی کیونکہ مزید نام بھی زیر غور ہیں۔ یہ منصوبہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
بلیو پلاک منصوبہ کیا ہے اور اس کا آغاز کہاں سے ہوا؟
تاریخی شخصیات سے منسلک عمارتوں کی شناخت اور ان کی یادیں محفوظ رکھنے کے لیے یادگاری نیلی تختیاں نصب کرنے کی روایت کا آغاز 1863 میں لندن سے ہوا تھا۔ اس منصوبے کے تحت 1867 میں پہلی یادگاری تختیاں نصب کی گئیں۔
مزید پڑھیں:سیف سٹی کیمروں کی تکنیکی غلطی، شہری کو انوکھا و دلچسپ چالان موصول
تقریباً 160 سال بعد یہی روایت کراچی میں بھی اپنائی جا رہی ہے، جس کی ابتدا ضلع وسطی سے کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو امید ہے کہ مستقبل میں شہر کے دیگر اضلاع میں بھی ایسے منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا۔








