حکومتِ سندھ نے صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، ہنر اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ’سندھ یوتھ کارڈ‘ متعارف کرا دیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو مالی اور دیگر سہولتوں تک رسائی دینا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھنے، روزگار حاصل کرنے اور اپنا کاروبار شروع کرنے میں درپیش مشکلات پر قابو پا سکیں۔
اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کو بینکنگ سہولتوں، اسکالرشپس، تربیتی پروگرامز، انٹرن شپس، ملازمتوں، خریداری پر رعایت اور بلاسود قرضوں جیسی سہولتیں فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
حکومتِ سندھ کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو اس پروگرام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جب کہ رجسٹریشن صوبے کے تمام 30 اضلاع کے نوجوانوں کے لیے شروع کی گئی ہے۔
حکومتِ سندھ نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ یوتھ کارڈ محض ایک شناختی کارڈ نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے مختلف سرکاری اور نجی سہولتوں تک رسائی کا ایک مربوط نظام ہے۔
اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بینک اکاؤنٹ اور ویزا ڈیبٹ کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے ذریعے وہ اپنے اکاؤنٹ کو استعمال کرنے کے ساتھ مختلف تعلیمی، مالی اور روزگار سے متعلق پروگراموں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
منصوبے کا بنیادی تصور یہ ہے کہ نوجوانوں کو الگ الگ سہولتوں کے لیے مختلف اداروں کے چکر نہ لگانے پڑیں بلکہ ایک مربوط نظام کے ذریعے انہیں تعلیم، روزگار، ٹرانسپورٹ اور کاروبار میں مدد فراہم کی جائے۔
یوتھ کارڈ سے نوجوانوں کو کیا فوائد ملیں گے؟
اس پروگرام میں مختلف شعبوں سے متعلق سہولتیں شامل کی گئی ہیں جن سے نوجوان استفادہ کر سکتے ہیں۔
1۔ بینک اکاؤنٹ اور ڈیجیٹل بینکنگ
نوجوانوں کو جے ایس بینک کے زِندَگی (Zindigi) پلیٹ فارم کے ذریعے بینکنگ سہولتیں، ڈیجیٹل والٹ اور ویزا ڈیبٹ کارڈ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سے وہ ادائیگیوں اور مالی لین دین کے لیے اپنا اکاؤنٹ استعمال کر سکیں گے۔
2۔ اسکالرشپس اور تعلیمی معاونت
طلبہ مختلف اسکالرشپ پروگراموں کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ٹریننگ، تعلیمی معاونت اور ایکسچینج پروگرامز تک رسائی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
3۔ ملازمتیں اور بامعاوضہ انٹرن شپس
نوجوانوں کو ملازمتوں کی تلاش، جاب پلیسمنٹ، بامعاوضہ انٹرن شپس اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
4۔ خریداری پر خصوصی رعایت
پروگرام کے تحت 180 سے زائد کاروباری اداروں اور تاجروں کے ساتھ شراکت داری کا منصوبہ ہے۔ نوجوان مختلف دکانوں اور سروسز سے خریداری کے دوران رعایت حاصل کر سکیں گے۔ ان میں ریٹیل، کھانے پینے اور دیگر شعبے شامل ہیں۔
5۔ کاروبار کے لیے بلاسود قرضے
نوجوان کاروباری افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے یا پہلے سے موجود کاروبار کو وسعت دینے کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ سندھ یوتھ کارڈ کے تحت مجوزہ مالی معاونت کے ماڈل میں نوجوانوں کو 10 ہزار سے5 لاکھ روپے تک قرض دینے کی تجویز شامل ہے۔
یوتھ کارڈ کے ذریعے حاصل کردہ رقم کاروباری سامان، ورکنگ کیپیٹل، ڈیجیٹل ٹولز اور کاروباری ضروریات کے لیے استعمال کی جا سکے گی اور قرضے کی منظوری بینک کی جانچ اور پروگرام کی شرائط سے مشروط ہے۔
قرض حاصل کرنے کے لیے امیدوار کی عمر 18 سے 29 سال کے درمیان ہو، سندھ یوتھ کارڈ کم از کم چھ ماہ سے فعال ہو، کاروبار رجسٹرڈ ہو اور درخواست گزار ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (ATL) میں شامل ہو، متعلقہ بینک کے مقرر کردہ کریڈٹ اسیسمنٹ کے معیار پر پورا اترے اور ایک وقت میں صرف ایک فعال قرضہ حاصل کیا جا سکے۔
اس ماڈل میں یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ قرضے پر سود کی سبسڈی ادا کرے گا، جب کہ نوجوان کو صرف اصل رقم واپس کرنا ہوگی۔
یعنی اگر کسی نوجوان کو پانچ لاکھ روپے کا قرضہ منظور ہوتا ہے تو مجوزہ نظام کے تحت اسے پانچ لاکھ روپے ہی واپس کرنا ہوں گے۔ تاہم قرض واپسی کی اقساط اور منظوری کی شرائط بینک کے جائزے کے مطابق طے ہوں گی۔
سندھ یوتھ کارڈ کے لیے کون رجسٹریشن کروا سکتا ہے؟
سندھ حکومت کے سرکاری پورٹل کے مطابق پروگرام کا ہدف 15 سے 29 سال کی عمر کے نوجوان ہیں۔ سندھ کے تمام 30 اضلاع کے نوجوان اس پروگرام میں شامل ہو سکتے ہیں۔
درخواست گزار کے لیے ضروری ہے کہ اس کا تعلق سندھ سے ہو، امیدوار کی عمر پروگرام کے مقررہ معیار کے مطابق ہونی چاہیے، شناخت کے لیے درست شناختی کارڈ یا ب فارم ہونا چاہیے اور درخواست گزار کو شناخت کی تصدیق کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔
سندھ یوتھ کارڈ کے لیے رجسٹریشن کیسے کریں؟
سندھ یوتھ کارڈ کی رجسٹریشن کے لیے سرکاری ویب سائٹ sindhyouthcard.gos.pk وزٹ کی جا سکتی ہے جب کہ رجسٹریشن کے لیے موبائل ایپ استعمال کرنا ضروری ہے۔
سب سے پہلے سرکاری ویب سائٹ کھولیں، سندھ یوتھ کارڈ کے رجسٹریشن پیج پر جائیں اور موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا آپشن منتخب کریں۔
موبائل ایپ انسٹال کریں، سرکاری ویب سائٹ سے گوگل پلے اسٹور کا لنک استعمال کرکے Sindh Youth Card ایپ انسٹال کریں۔ اپنی شناختی معلومات درج کریں۔
اگر آپ کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے تو اپنا 13 ہندسوں کا شناختی کارڈ نمبر اور موبائل نمبر درج کریں۔ 18 سال سے کم عمر نوجوان ب فارم نمبر اور والد یا سرپرست کے شناختی کارڈ کی تفصیلات کے ذریعے رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔
اگلے مرحلے میں بائیومیٹرک تصدیق مکمل کریں، ایپ میں نادرا کے بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم (NADRA BVS) کے ذریعے شناخت کی تصدیق مکمل کریں، ڈیجیٹل کارڈ فعال کریں، تصدیق مکمل ہونے کے بعد ڈیجیٹل یوتھ کارڈ فعال کرنے اور اپنے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ایپ کی ہدایات پر عمل کریں۔
کارڈ ملنے کے بعد سہولتیں کیسے استعمال ہوں گی؟
سندھ یوتھ کارڈ کو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جائے گا جہاں نوجوان اپنی دستیاب سہولتوں اور مختلف پروگراموں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اگر کوئی طالب علم اسکالرشپ حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ پلیٹ فارم پر دستیاب اسکالرشپ پروگرام دیکھ کر درخواست دے سکے گا، اگر کوئی نوجوان ملازمت تلاش کر رہا ہے تو وہ جاب اور انٹرن شپ کے مواقع دیکھ سکے گا۔
اس کے علاوہ منصوبے میں تعلیمی اداروں، کاروباری اداروں، ٹرانسپورٹ سروسز اور دیگر سرکاری محکموں کو ایک ہی نظام سے منسلک کرنے کا تصور شامل ہے۔
کیا سندھ یوتھ کارڈ تمام نوجوانوں کے لیے ہے؟
اس منصوبے کا مقصد صرف یونیورسٹی کے طلبہ کو سہولت دینا نہیں بلکہ تعلیم حاصل کرنے والے، بے روزگار، ہنر سیکھنے والے اور کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند نوجوانوں کو بھی مواقع فراہم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:امریکی حملوں کا ہرجانہ، ایران نے 290 ارب ڈالر کا مطالبہ کر دیا
تاہم ہر سہولت کے لیے الگ اہلیت اور شرائط ہیں۔ اس لیے رجسٹریشن کے بعد ہر سہولت کی منظوری اور دستیابی پروگرام کی شرائط کے مطابق ہوگی۔







