اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کل رات سماجی میڈیا پر قوم سے براہِ راست گفتگو کا فیصلہ،تحریک انصاف کی آفیشل سوشل میڈیا ٹیم کو تیاریوں کی باضابطہ ہدایت کردی گئی ۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے زیرِصدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں 21 اپریل کو مینارِ پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس میں جماعت کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مفصل تبادلۂ خیال کیا گیا۔حماد اظہر، منزہ حسن، عثمان ڈار اور فرخ حبیب کی جانب سے تاریخی جلسے سے قبل بڑی ریلیوں کے انعقاد پر بریفنگ دی گئی ۔چیئرمین تحریک انصاف کی ذمہ داران کو قافلوں کے ہمراہ بروقت جلسہ گاہ پہنچنے کی خصوصی ہدایت۔عمران خان نے کہا کہ صاف شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے مستقبل کا موقع دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، کسی ملک کی خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ عوام کرتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کو قبول کیا گیا تو آئندہ کوئی سربراہِ حکومت بیرونی دباؤ کا سامنا کرنے کی جسارت نہیں کرے گا، پوری قوم اپنی آزادی و خود مختاری کیلئے یکجا اور متحرک ہے، 21 اپریل کو مینارِ پاکستان کے تاریخی مقام سے پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان کریں گے۔








