مینارِ پاکستان کا کل کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا،عمران خان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ہوا،اجلاس میںمینارِ پاکستان میں منعقد ہونے والے کل کے تاریخی اجتماعِ عام کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال جبکہ ملکی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً حکومت کی تشکیل و ڈھانچے کا بھی جائزہ لیاگیا،
پاکستان تحریک انصاف نے بڑی تعداد میں ملزموں کی وفاقی کابینہ میں شمولیت،ملک میں غیر یقینی کی صورتحال اور امپورٹڈ حکومت کے ملکی معیشت پر تباہ کن اثرات پر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ملک میں عام انتخابات کے اعلان کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے،انواع و اقسام کے جرائم میں ملوث ملزمان کو وفاقی کابینہ میں بھرتی کرکے جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ،انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے،قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہےقوم اس وقت بیرونی سازش اور خودمختاری پر کئے جانے والے حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے،اپنے لوگوں کو جانتا ہوں،

قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں،جب بھی کسی ملک پر فیصلہ کن وقت آتا ہے، قوم قیادت کی جانب دیکھتی ہے،مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں،انہوں نے کہاکہ غیرفطری امپورٹڈ حکومتیں کھڑی کرنے سے نہیں، شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا،انتظامیہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں،مینارِ پاکستان کا کل کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا








