اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی حکومت نے احساس پروگرام کا پرانا نام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے بینظیر کے نام کی وجہ سے پروگرام کا نام احساس رکھا، بغیر کسی قانونی عمل کے احساس پروگرام کیسے کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام احساس رکھنے کا کوئی جواز تک نہیں، صرف بغض کی وجہ سے بی آئی ایس پی کا نام احساس رکھا گیا تھا۔شازیہ مری کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی پروگرام بینظیر کے نام سے منسلک تھا اور انہیں کے نام سے منسلک رہے گا، احساس لفظ کا کوئی وجود ہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی غریب خواتین اور گھرانوں کے لیے ہے اور یہ پروگرام جاری رہے گا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق پایا جانے والا ابہام ختم کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مستحق لوگوں تک پروگرام پہنچانا ہماری ترجیح ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو سماجی تحفظ کے اپنے فلیگ شپ پروگرام احساس میں تبدیل کردیا تھا۔
احساس پروگرام کا نام بینظیر انکم سپورٹ کے طور پر بحال کرنے کا فیصلہ








