بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چار سال وفاق میں ایک حکومت مسلط رہی، گالی دینے والے اس دور میں وزیر بن جاتے تھے: بلاول بھٹو زرداری

سوات (نیوز ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چار سال وفاق میں ایک حکومت مسلط رہی، گالی دینے والے اس دور میں وزیر بن جاتے تھے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق خوازخیلہ سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی گالی پر نہیں، عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ سلیکٹڈ نے جاتے جاتے افغانستان بھاگ جانے والے دہشت گردوں کو واپس لا کر بسا دیا، جب سوات کے لوگ دہشت گردی کا سامنا کر رہے تھے تو دیگر سیاسی جماعتیں خاموش تھیں، اس وقت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اعلان کیا تھا کہ وہ سوات میں پھر پاکستان کا پرچم لہرائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی دہشت گردی کا جواب سختی سے نہیں دیں گے تو معاملہ مزید بڑھ جائے گا۔ 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کو جلایا گیا، واقعات کی مذمت کرتے ہیں، اگر ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا نہ کیا تو ملک کا نقصان ہو گا، ان واقعات کے ذمہ داروں کو معاف نہیں کریں گے۔ شہید بھٹو کو پھانسی پر چڑھایا گیا تو جیالوں نے پرامن احتجاج کیا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ یہی اعلان کیا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ محترمہ کی شہادت پر ہم نے انتقام کا نعرہ نہیں لگایا۔ اگر اس وقت انتقام کا نعرہ لگاتے تو ملک جل جاتا۔

بلاول بھٹونےمزید کہا کہ کٹھ پتلی امپائر کی انگلی کی وجہ سے سیاست میں تھا، سلیکٹڈ کو عدم اعتماد کی وجہ سے باہر نکالا گیا، ایک رات جیل میں گزارنےپر اعلان جنگ کر دیا، 9 مئی واقعات کی سازش پہلے سے تیار کی گئی تھی، پیپلز پارٹی سوات کے امن کا کبھی سودا نہیں کرے گی۔