بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چینی خلائی جہاز کی اسٹیشن سے کامیاب علیحدگی، پاکستانی خلا باز واپسی کے سفر پر روانہ

خلائی جہاز 29 نومبر کو بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 42 منٹ پر خلائی اسٹیشن سے الگ ہوا، چینی میڈیا

زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ سے زمین کی جانب واپسی کا سفر شروع ہو گیا۔

چین کے شین ژو 23 خلائی جہاز نے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے کامیابی کے ساتھ علیحدگی اختیار کرلی۔ جس کے بعد پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سمیت تین خلا باز زمین پر واپسی کے سفر پر روانہ ہوگئے۔

چینی میڈیا کے مطابق شین ژو 23 خلائی جہاز 29 نومبر کو بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 42 منٹ پر خلائی اسٹیشن سے الگ ہوا اور زمین کی جانب واپسی کا سفر شروع کردیا۔

پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر تاریخ رقم کرنے کو تیار۔خلائی اسٹیشن سے روانگی سے قبل تینوں خلا بازوں نے تمام ضروری انتظامی اور سائنسی امور مکمل کیے۔ اس دوران تجرباتی ڈیٹا کی منتقلی، خلائی اسٹیشن کے انتظامی ریکارڈ کی تکمیل اور دیگر ضروری معاملات نمٹائے گئے۔

واپس آنے والے خلا بازوں میں ژانگ ژی یوان، لی جیا ینگ اور پاکستان کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی شامل ہیں۔ واپسی کے مشن کی کمان ژانگ ژی یوان کے پاس ہے۔

چینی حکام کے مطابق شین ژو 23 خلائی جہاز کا واپسی کیپسول زمینی کنٹرول کی ہدایات کے مطابق مناسب وقت پر زمین کی فضا میں داخل ہوگا اور شمالی چین کے ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پر اترے گا۔

اس سے قبل خبر آئی تھی کہ ذیشان علی رات 9 بجے واپسی کا سفر شروع کریں گے جبکہ زمین پر ان کی لینڈنگ پیر 30 نومبر کو رات 2 بجے متوقع ہے۔

رائٹرز کے مطابق خلائی اسٹیشن سے علیحدگی کے بعد لینڈنگ تک کا سفر تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ 25 نومبر کو ذیشان علی زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے تھے۔

ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شین ژو 24 مشن پر روانہ ہوئے تھے۔ خلائی جہاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوا تھا۔ ان کے ساتھ چین کے 2 خلا باز تانگ ہونگبو اور وو یی بھی مشن کا حصہ تھے۔ خلائی جہاز تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچا تھا جہاں تینوں خلا باز پہلے سے موجود عملے میں شامل ہوگئے تھے۔

عملے کی تبدیلی کی تقریب کے دوران ذیشان علی کو ایک خاص تحفہ بھی دیا گیا۔ چینی خلاباز ژو یانگژو نے انہیں دوستی کی علامت کے طور پر ایک تحفہ دیا اور پاکستان اور چین کے درمیان دیرپا تعاون اور تعلقات کی امید ظاہر کی۔

تینوں خلا بازوں نے 28 نومبر کو خلائی اسٹیشن پر ایک دوسرے کو اپنی ذمہ داریاں اور کام منتقل کیے جس کے بعد اپنا مشن مکمل کرنے والے خلا بازوں نے اسٹیشن سے واپسی کی تیاری شروع کردی۔

شین ژو 23 کے ذریعے واپس آنے والے عملے میں چینی خلا باز ژانگ ژی یوان اور لی جیائینگ شامل ہیں جو ذیشان علی کے ہمراہ شمالی چین کے ڈونگ فینگ لینڈنگ مقام پر اتریں گے۔ واپسی کے اس مشن کی قیادت ژانگ کریں گے۔

دوسری جانب، ژو یانگ ژو، شین ژو 24 کے کمانڈر تانگ ہونگبو اور خلا باز وو یی کے ساتھ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر ہی قیام کریں گے، جہاں وہ ایک سال تک جاری رہنے والے تجربے کو مکمل کریں گے۔

خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران ذیشان علی نے چین اور پاکستان کے اشتراک سے چار سائنسی تجربات میں حصہ لیا، جن کا تعلق بائیوٹیکنالوجی اور جدید مٹیریلز سے تھا۔

ان میں ”گرین مائیکرو فیکٹری“ کا ایک تجربہ شامل تھا، جس میں فوٹو سنتھیٹک خوردبینی جاندار استعمال کیے گئے یعنی ایسے ننھے جاندار جو پودوں کی طرح روشنی سے اپنی خوراک بناتے ہیں۔

اس کے علاوہ گرافین پر مبنی ہائبرڈ کمپوزٹس یعنی مختلف مٹیریلز کو ملا کر بنائے گئے مرکب مٹیریلز اور کاربن فائبر سے بنے ایسے مرکب مٹیریلز پر تجربات شامل تھے جو نقصان پہنچنے پر خود کو ٹھیک کر لیتے ہیں۔

ساتھ ہی اس بات پر تحقیق بھی شامل تھی کہ مائیکرو گریوٹی یعنی خلا میں تقریباً بے وزنی کی حالت، کیونوا کے بیجوں پر کیا اثر ڈالتی ہے۔

چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے اتوار کو رپورٹ کیا کہ ذیشان علی نے ہفتے کو فوٹو سنتھیٹک سائنو بیکٹیریا (روشنی سے خوراک بنانے والے خوردبینی جاندار) سے متعلق تجربہ مکمل کر لیا۔

اس تجربے میں اُن خوردبینی جانداروں کی نشوونما کا ریکارڈ رکھا گیا اور زمین پر مزید جانچ کے لیے ان کے نمونے جمع کیے گئے۔

مزید پڑھیں:مولانا فضل الرحمان کے تمام ٹیسٹ نارمل، اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا

40 سالہ محمد ذیشان علی پاکستان ایئر فورس کے فائٹر پائلٹ ہیں۔ انہوں نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی جس میں ہنگامی حالات سے نمٹنے، بقا کی مشقوں اور خلا کے ماحول سے ہم آہنگ ہونے کی تربیت شامل تھی۔