لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی چیئرمین کرکٹ بورڈ کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں نجم سیٹھی نے بیان کیا ہے کہ میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع کا سبب نہیں بننا چاہتا، اس طرح کا عدم استحکام پی سی بی کیلئے بھی ٹھیک نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں اب میں چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں۔
Salaam everyone! I don’t want to be a bone of contention between Asif Zardari and Shehbaz Sharif. Such instability and uncertainty is not good for PCB. Under the circumstances I am not a candidate for Chairmanship of PCB. Good luck to all stakeholders.
— Najam Sethi (@najamsethi) June 19, 2023
یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان گزشتہ کئی روز سے تنازع چلا آ رہا تھا، ن لیگ چاہتی تھی کہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے معاملات کو بہتر انداز سے چلا رہے ہیں اس لیے انہیں ہی برقرار رکھا جائے جبکہ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا حق ہے، حکومت اگر نجم سیٹھی کو رکھنا چاہتی ہے تو انہیں کہیں اور لگا دیا جائے۔ تاہم اب نجم سیٹھی نے خود کو کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ کی دوڑ سے باہر کر لیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف چیئرمین پی سی بی کیلئے جلد دو نام گورننگ بورڈ میں نامزد کریں گے، نجم سیٹھی کی جانب سے خود کو اس دوڑ سے باہر کرنے کے بعد ذکا اشرف کیلئے راہیں ہموار ہو گئی ہیں۔









