ایتھنز: یونان میں گرفتار کشتی حادثے کے 9 مبینہ ملزمان پر انسانی اسمگلنگ کا الزام عائد کر دیا گیا۔
خبرایجنسی کے مطابق ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مبینہ 9 انسانی اسمگلرز پر الزام عائد کرتے ہوئے ان کا ریمانڈ بھی دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کو گزشتہ ہفتے کلاماتا کی بندرگاہ سے گرفتار کیا گیا تھا، ان کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں اور تعلق مصر سے ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق ملزمان پر قتل اور جرائم پیشہ تنظیم بنانے کے الزامات بھی ہیں اور جرم ثابت ہونے پر انہیں عمر قید تک کی سزا ہو سکتی ہے جب کہ ملزمان نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے اوپر لگائے الزامات سے انکار کیا۔
متعدد افراد اب بھی لاپتا
کشتی حادثے میں اموات کی تعداد 82 ہوگئی ہے اور اب تک 104 کو بچایا گیا ہے جب کہ متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں جن کے بچنے کی امیدیں دم توڑ چکی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کشتی میں 400 سے 750 مسافر سوار تھے۔
دوسری جانب یونان کے دارالحکومت ایتھنز سمیت مختلف شہروں میں عوام نے تارکینِ وطن کے خلاف پالیسیوں پر احتجاج کیا جس میں پناہ گزینوں کو بچانے کے لیے ناکافی اقدامات پر حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔








