ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے اجلاس منعقد ہوا جس میں جیالوں نے کیک کاٹ کر بے نظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دارالحکومت ریاض میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے اجلاس میں وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن احتشام جاوید کوہلی سمیت پی وائے او کے عہدیداروں نے شرکت کی.
اس موقعہ پر شرکاء کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو ایک عظیم رہنما اور لیڈر تھیں جنھوں نے ہمیشہ جمہوری اور سیاسی اقدار کے مطابق امور کو انجام دیا اور دو مرتبہ وزیراعظم بن کر ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ انجام دیا اور اقوام عالم میں پاکستان کا نام روشن کیا.
شرکاء نے مزید کہا کہ آج کی سیاست میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نظریات کی اہم ضرورت ہے تاکہ میثاق جمہوریت پر عمل پیرا ہوکر تمام سیاسی اور جمہوری قوتیں ملک کی بہتری کے لئے کام کریں۔
اجلاس میں محترمہ شہید کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا جبکہ پی وائے او سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری اعجاز رحیم سمیت قریب اللہ خان، الیاس رحیم اور وقار نسیم وامق نے اظہار خیال کیا.
سعودی عرب میں بینظیر بھٹو شہید کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے اجلاس ،کیک کاٹ کر خراج عقیدت پیش کیا








