لاہور(ممتازنیوز )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں آئندہ الیکشن کیلئے بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وسیع تر سیاسی اتحاد پر غور کیا گیا،سابق وزیراعلی بلوچستان اور صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ،نیشنل پارٹی کے نائب صدر اور سابق سینیٹر کبیر احمد، سیکریٹری جنرل جان بلیدی سینیٹرطاہر بزنجو بھی ملاقات میں موجود تھے ،سینیٹر اکرم، ایوب ملک اور نیشنل پارٹی کے پنجاب کے صدر اسلم بلوچ بھی وفد میں شامل تھے ،مریم نوازشریف نے نیشنل پارٹی کے وفد کا خیرمقدم کیا،ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ بلوچستان اور اس کے عوام کو نہایت اہمیت دیتے ہیں،نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی کے لئے کام کیا ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے،سی پیک ، گوادر پورٹ، مغربی روٹ سمیت دیگر منصوبے بلوچستان کی ترقی کا ذریعہ بنیں گے،بلوچستان کے نوجوانوں کی ترقی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے،تعلیم، زراعت، صنعت، آئی ٹی میں نئے کاروبار، روزگار دیں گے، کھیلوں میں ترقی کے مواقع دیں گے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مریم نواشریف کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف نے سیاسی اکاموڈیشن کی ہمیشہ فراخ دلانہ مثال قائم کی ہے،ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور نیشنل پارٹی میں سیاسی تعاون بڑھانے پربھی تبادلہ خیال ہوا ۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کو اُن کی حقیقی منتخب قیادت دے کر ہی اعتماد کی وہ فضا پیدا کی جا سکتی ہے جو عوام کی خوشحالی اور پاکستان کی مظبوطی کا ضامن ہو سکتی ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سےبھکر سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے بھی ملاقات کی،ملاقات میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ،ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترقی کے وژن کو خراج تحسین پیش کیا۔









