پشاور(وقائع نگار)وزیر اعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کے قافلے پر شانگلہ میں فائرنگ کی گئی ،دہشتگرد حملے میں محفوظ رہنے پر انہوں نے اظہار تشکرکیا اوراللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔امیر مقام نے کہا کہ دہشت گرد حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے آج مجھے ایک بار پھر ایک نئی زندگی دی ہے،تمام دوست احباب، پارٹی قائدین، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے دعاؤں اور اپنے پیغامات سے میرے بارے میں اپنی فکر مندی کا اظہار کیا،خاص طور پر شانگلہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور اپنی دعاؤں میں یاد رکھا،
امیر مقام نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، دہشتگردی کے خاتمہ سے ہی پاکستان کو ترقی اور استحکام ملے گا،دہشتگرد بزدل ہیں جو چھپ کر وار کرتے ہیں،طاقتور صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے جو زندگی کی حفاظت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا مشن اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے،دہشت گرد اپنے بزدلانہ حملوں سے مجھے عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتے،پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ہمیشہ کی طرح میدان عمل میں رہوں گا، ان شاءاللہ،پولیس کی بہادری کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے۔
اللہ نے آج مجھے ایک بار پھر ایک نئی زندگی دی ،دہشتگرد بزدل ہیں جو چھپ کر وار کرتے ہیں،امیر مقام








