اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے معاشرے میں جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے عام عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی ان گمنام ہیروز کی قربانیوں کی مرہون منت ہے،موجودہ حکومت ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور کبھی بھی فراموش نہیں کرے گی،پارلیمنٹ میں عوام کے منتخب نمائندے عام آدمی کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے گمنام ہیروز کی یاد میں قائم کی یادگار جمہوریت پر حاضری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے عام لوگوں کی قربانیوں کی حقیقی نمائندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی عام لوگوں کی زندگیوں کو بلند کرنے کے لیے جدوجہد اور عزم ایک مسلمہ تاریخی و حقیقت ہے اور یہ جمہوری تبدیلی ان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت ہی عوام کو درپیش مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام اختلافات بلانے کی ضرورت ہے۔بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام معاملات کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے عام لوگوں کی جدوجہد کی یاد کو زندہ کرنے کے لیے جمہوریت کی اس یادگار کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔
ملک میں جمہوریت کی بحالی عام لوگوں کی جدوجہد کی مرہون منت ہے،سپیکر قومی اسمبلی








