انقرہ: پاکستان اور ترکیہ نے دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عہد کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کا دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور ہوا۔ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اور ترک نائب وزیر خارجہ H.E. Burak Akçaparنے اپنے اپنے اطراف کی قیادت کی۔ دونوں فریقوں نے سیاسی تعلقات، تجارت، روابط، دفاع، تعلیم، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں کا احاطہ کرنے والے دوطرفہ تعاون کی پوری رینج کا وسیع پیمانے پر جائزہ لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہائی لیول سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے دونوں فریقین نے اسلام آباد میں اس کے7ویں اجلاس کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک اکنامک فریم ورک کے تحت ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
زہرہ بلوچ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص آئی ٹی، سائنس اور ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی، صحت، تعلیم، زراعت، جہاز رانی اور سمندری شعبوں میں تعاون کی موجودہ صلاحیت پر زور دیتے ہوئے ان شعبوں میں تعاون کو مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ فریقین نے دفاعی میدان میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کو سراہا اور موجودہ میکانزم کو بروئے کار لاتے ہوئے اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے ذریعے اس تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عہد کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشاورت کے دوران، علاقائی اور عالمی مسائل پر جامع طور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں باہمی تشویش کے تمام مسائل کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او اور ڈی 8 سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے کی خواہش کی گئی۔ تاریخی دوطرفہ تعلقات کو نسلوں سے گزرنے والے مقدس اعتماد کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے، دونوں فریقوں نے منفرد برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں اقتصادی طور پر فائدہ مند کثیر جہتی تعاون میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق دوطرفہ سیاسی مشاورت کیلئے پاکستان اور ترکیہ کے باہمی تعلقات کا جامع جائزہ لینے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرنے کا ایک اہم طریقہ کار ہے۔








