اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے دلہن کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر شیئر کردیں۔
حارث رؤف کا نکاح گزشتہ سال دسمبر میں اپنی کلاس فیلو مزنا مسعود ملک سے ہوا تھا، جبکہ شادی کی تقریبات گزشتہ دنوں منعقد ہوئیں، جس میں کرکٹ حلقے سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے شادی کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اہلیہ مزنا کے ساتھ تصاویر شیئر کی ہیں۔
It’s always been you! ❤️ pic.twitter.com/z5m6v1lrAp
— Haris Rauf (@HarisRauf14) July 9, 2023
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تینوں تصاویر میں سے دو میں حارث اور ان کی اہلیہ مزنا بارات اور ولیمے کا سوٹ پہنے نظر آرہی ہیں، جبکہ تیسری تصویر میں دونوں نے اپنے ہاتھوں میں پان رکھے ہوئے ہیں۔
مداحوں کی جانب سے نوبیاہتا جوڑے کیلئے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، اور صارفین ان کی تصاویر کو خوب پسند بھی کررہے ہیں۔
ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے بھی حارث رؤف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔
فاسٹ بولر کے ولیمے کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ،قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق، اوپننگ بیٹر فخر زمان، آل راؤنڈر فہیم اشرف، سہیل تنویر اور موسیٰ خان بھی موجود تھے۔
دعوت ولیمہ میں لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر عاطف رانا اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید بھی موجود تھے۔








