بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تھانہ کوہسار میں درج 6مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 19جولائی تک توسیع

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایڈیشنل سیشن جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تھانہ کوہسار میں درج 6مقدمات میں عبوری ضمانت میں 19جولائی تک توسیع کردی ،جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ اگر شامل تفتیش نہ ہوئے تو آئندہ سماعت پر فیصلہ سنا دوں گا۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 6 اور بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں درج مقدمے پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں سماعت  کی۔

وکیل شیر افضل مروت نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہونا ہے، سماعت بعد میں کرلیں، جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ آپ آج حتمی دلائل دیں گے؟وکیل شیر افضل مروت نے کہاکہ جی حتمی دیں گے، ابھی اسلام آباد ہائیکورٹ جانے دیں۔

پی ٹی آئی لیگل ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت سے لے جانے کی کوشش  کی جس پر جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ نہیں ، چیئرمین پی ٹی آئی کو روکیں، دیگر کیس میں کیا تاریخ ہوئی ہے؟وکیل شیر افضل مروت نے کہاکہ 19جولائی کی تاریخ پراسیکیوشن کی رضا مندی سے ہوئی۔

پراسیکیوٹر نے کہاکہ کل یا پرسوں سماعت مقرر کر دیں،6مقدمات الگ نوعیت کے ہیں، وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ آپ کی عدالت میں چند کیسز میں شامل تفتیش ہونا باقی ہے، اے ٹی سی کے مقدمات سب سے پرانے ہیں، ان میں شامل تفتیش ہو چکے ہیں،

جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد میں ہی رہائش پذیر ہیں، وکیل شیر افضل مروت نے کہاکہ آپ کیلئے دعا نکلتی ہے، 19جولائی کی تاریخ دیں اور ہمارا دل خوش کر دیں، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 6مقدمات میں عبوری ضمانت میں 19جولائی تک توسیع کردی ،جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ اگر شامل تفتیش نہ ہوئے تو آئندہ سماعت پر فیصلہ سنا دوں گا۔