بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہوجائے گی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ اتحادی حکومت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی۔اسلام آباد میں پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب کےآغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے بچوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا، چاہتا ہوں کہ ہر سال انڈوومنٹ فنڈز میں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ جو بھی حکومت آئے وہ فنڈز میں اضافہ کرے، تعلیم کے ذریعے ہی ملک و قوم ترقی کرتے ہیں، مشکل وقت جلد گزر جائے گا اور پاکستان میں استحکام آئے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غریب گھرانوں کےبچوں کوتعلیمی وظائف دیں گے، تعلیم کا فروغ سیاسی نہیں بلکہ عبادت ہے، ایجوکیشن فنڈز سے ہزاروں بچے ڈاکٹر اور انجینئر بن سکتے ہیں، لہٰذا ہم آگے بڑھیں گے اور کروڑوں بچیوں و بچوں کا ہاتھ تھامیں گے۔

حکومت کی مدت سے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کی تاریخ دے گا۔

آئی ایم ایف معاہدے پر ان کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کےحوالے سے بات ہوگی، دعا کریں پاکستان کا قرض پروگرام منظور ہو جائے، البتہ آئی ایم ایف پروگرام لمحہ فخریہ نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں چین نےہماری مدد کی، چین کی جانب سے امداد پر بہت مشکور ہیں جب کہ مالی معاونت پر سعودی عرب کے بھی شکر گزار ہیں۔