فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ہماری حکومت عوام کو اندھیروں سے نکالے گی۔ فیصل آباد میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہاکہ اتحاد یوں سے مل کر آئینی طریقے سے ایک فاشسٹ اور نااہل سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجا۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا چار سالہ دور حکومت جھوٹ ، جھوٹ اور صرف جھوٹ پر محیط تھا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ معیشت ، خارجہ تعلقات، سماجی ترقی، غریب عوام کی فلاح پر جھوٹ بولے گئے۔ کرپشن، نااہلی، لاقانونیت اوراقرباپروری کا ایک سیاہ دور جو بالآخراختتام پذیر ہوا۔
رانا ثناءاللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سفارتی مراسلے جیسے حساس معاملے کو جلسے جلوسوں میں تماشہ بنا کر ملکی مفاد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جھوٹے پروپیگنڈے سے پاکستانی عوام کو گمراہ کرکےاداروں کے خلاف اکسارہا ہے۔وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ہوسِ اقتدار اورخوفِ احتساب سے ملکی اداروں کی ساکھ پر حملے کررہا ہے جبکہ عمران نیازی کی ہرزہ سرائی سے پاکستان کے دشمن فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ بنی گالہ میں بیٹھا ایک شخص “میں ناں مانوں” کی گردان مسلسل الاپ رہا ہے، انتخابات میں پتہ چلے گا عوام کس کے ساتھ ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم عمران نیازی کی طرح سلیکٹڈ نہیں، انتخابات کے ذریعے اقتدار میں آنے والی جماعت ہیں۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ہم سیاسی انتقام نہیں لیں گے لیکن عوامی وسائل پر ڈاکے کا حساب ضرور لیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت عوام کو اندھیروں سے نکالے گی ، روشنیاں اور امیدیں واپس لائے گی۔وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد کے عوام نواز شریف سے پیار کرنے والے لوگ ہیں، فیصل آباد کی صنعتیں بحال کرینگے اور روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔
عمران نیازی پاکستانی عوام کو گمراہ کرکےاداروں کے خلاف اکسارہا ہے،رانا ثناءاللہ








