لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عملی طور پر کام کرتی ہے، باقی صرف باتیں کرتے ہیں۔سی پیک کا آغاز آصف زرداری نے کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق دھابیجی سپیشل اکنامک زون منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی دیگر سیاسی جماعتوں سے بہتر ہے۔ سندھ حکومت کی کارکردگی کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے، جھوٹ کبھی سچ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، پیپلز پارٹی نے سندھ میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے۔ ہم نے چین کے دوروں سے ملکی معیشت کو بہتر کیا۔ آصف زرداری نے چین کے دورے کئے اور ہمیں سی پیک کا تحفہ ملا۔ آصف زرداری نے گوادر پورٹ چین کے حوالے کیا۔ دھابیجی سپیشل اکنامک زون پیپلز پارٹی کا کامیاب منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پیپلز پارٹی کی کردار کشی کی مہم چلائی گئی، ہم نے تبدیلی کے نام پر ملک میں تباہی دیکھی، عوام نے پیپلز پارٹی کی خدمت بھی دیکھی ہے۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ویژن کو آگے بڑھائیں گے، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ان منصوبوں سے عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ دھابیجی اکنامک زون سے ایک لاکھ 50 ہزار افراد کو ملازمت ملے گی۔









