لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کیلئے تیاریوں کا اہم ٹاسک مریم نواز کو سونپ دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کےاستقبال کی باقاعدہ تیاریوں کی ہدایات جاری کر دیں، وطن واپسی پر شاندار استقبال کیلئے انتظامات چیف آرگنائزر مریم نواز خود کریں گی جو ملک بھر سے آنیوالی استقبالی ریلیوں کی نگرانی اور ہدایات دیں گی۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب نے تمام ڈویژنل صدور، جنرل سیکرٹریز کو مراسلے جاری کر دیئے۔ تمام سٹی صدور ، یونین کونسل صدور سمیت عہدیداروں کو باقاعدہ ہدایات دی گئی ہیں جن میں پارٹی کے تمام ونگز کو استقبال کیلئے تیاریوں کیلئے کارکنان کو متحرک کرنے سمیت اقدامات کا کہا گیا ہے۔
مریم نواز نوازشریف کی واپسی کی تاریخ کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گی۔ نوازشریف کے استقبال کو یادگار بنانے کیلئے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سابق اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کو بھی بھرپور تیاری کی ہدایت دیدی گئی۔









