بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کے مفادات کے ساتھ کھیلنے والے نے خود ہی اعتراف جرم کرلیا، رانا ثنااللہ

اسلام آباد(ممتازنیوز )وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وہ کون تھا جس نے اپنے ذاتی اور سیاسی گھٹیا مفادات کے لیے اس ملک اور اداروں کے خلاف سازش کی، پاکستان کے مفادات کے ساتھ کھیل کھیلنے والے کھلاڑیوں نے خود ہی اعتراف جرم کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اس شخص نے ایک طرف ملک کی معیشت کو برباد کیا، بحران کا شکار کیا اور دوسری طرف ملک کے خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچایا اور اپنے ذاتی اور سیاسی مفاد کے لیے کھیل کھیلا۔

رانا ثنااللہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سائفر کے نام پر ایک ڈرامہ اور ڈھونگ رچایا اور ایک ایسا جرم کیا جس کی سزا ہر قیمت پر ملنی چاہیے کیونکہ پاکستان کے مفادات کے ساتھ کھیل کھیلنے والے کھلاڑیوں نے خود ہی اعتراف جرم کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم خان کا بیان اس کی تصدیق بھی کرتا ہے جنہوں نے بڑی تفصیل سے بتایا کہ کب سیکرٹری وزارت خارجہ ان کے علم میں یہ بات لائے اور کون کون اس میں ملوث تھا، شاہ محمود قریشی بھی مکمل طور پر اس جرم میں شریک ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اعظم خان نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ عمران خان کو یہ کہا گیا کہ اس طرح نہ کریں یہ ایک خفیہ دستاویز ہے جس کو عام کرنا جرم ہے، لیکن انہوں نے اپنے سیاسی مفادات اور اس وقت کی اپوزیشن کے خلاف بیانیہ بنانے کے لیے جان بوجھ کر استعمال کیا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ اعظم خان نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ عمران خان کے مانگنے پر انہوں نے وہ خفیہ دستاویز انہیں دے دیا اور جب ان سے اگلے روز سائفر کا پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ گم ہوگیا ہے، لہٰذا وہ گم نہیں ہوا لیکن عمران خان کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وہ جرم ہے جس پر امریکا میں سابق سابق صدر کے خلاف فرد جرم عائد ہوا ہے، عمران خان کے پاس بھی وہ خفیہ دستاویز موجود ہے جنہوں نے صرف اس کو عام کیا بلکہ اس کو اپنی نجی تحویل میں رکھ کر مسلسل اس جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اس وقت تک ہوتے رہیں گے جب تک ان کو اس جرم میں گرفتار کرکے ان سے یہ برآمد نہیں کیا جاتا۔