بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیوزی لینڈ میں خواتین فٹ بال ورلڈ کپ کے میچ سے قبل فائرنگ؛ 3 ہلاکتیں

آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں ویمن فٹ بال ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ سے صرف چند گھنٹے قبل فائرنگ کے ایک واقعے میں 2 شہری ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جب کہ حملہ آور کی بھی گولی لگی لاش ملی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں ویمن فٹ بال ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ سے قبل کھلاڑیوں کے قیام گاہ کے نزدیک ایک زیر تعمیر عمارت میں مسلح شخص نے فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے واقعے میں تمام کھلاڑی اور آفیشلز محفوظ رہے تاہم کھلاڑیوں کو بروقت اسٹیڈیم نہیں پہنچایا جا سکا جس کی وجہ ٹریننگ سیشن تاخیر کا شکار ہوا۔
فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے شہر کی کئی سڑکوں کو بند کرکے ٹرانسپورٹ کو معطل کردیا اور تمام فیری سروسز منسوخ کردی گئی ہیں۔
مسلح ملزم نے 2 نہتے شہریوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو لفٹ کی شفٹ میں بند کرلیا اور ہوائی فائرنگ کرتا رہا۔ بعد ازاں اسی لفٹ سے ملزم کی لاش مل گئی۔ ممکنہ طور پر حملہ آور نے گولی مار کر خودکشی کرلی۔
حملے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ابتدائی تفتیش میں حملہ آور کا اقدام انفرادی لگتا ہے جس کے پیچھے نسلی، مذہبی یا کوئی سیاسی نظریہ کارفرما نہیں تھا۔ یہ ملزم کا ایک انفرادی عمل تھا اور اس میں دہشت گردی کے عنصر کا بھی کوئی ثبوت نہیں ملا۔
نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرس ہپکنز نے واقعے کے بعد ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب میں اعلان کیا کہ فٹ بال ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔ فائرنگ ایک شخص کا انفرادی عمل تھا۔
یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ آج ایڈن پارک میں ناروے اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔