اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یوکرائن کو کسی طرح بھی اسلحہ فراہم نہیں کر رہے ، یوکرائن کو اسلحہ کی فراہمی سے متعلق خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
دفتر خارجہ میں یوکرین کے وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقتصادی، تجارتی، زرعی، دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت تعلقات میں وسعت پر اتفاق ہوا ہے ۔پاکستان اور یوکرائن کے مابین دوطرفہ مذاکرات پر اتفاق پایا گیا، یوکرائن کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ یوکرائن اور روس کے مابین تنازعہ کے پرامن حل کے لیے ہر اقدام کی حمایت کریں گے ۔تنازعہ کے باعث خوراک، ایندھن اور دیگر بحران پیدا ہوئے، پاکستان بھی متاثر ہوا۔
یوکرائنی وزیر خارجہ دمترو کولیبا نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو مضبوط بنانے، اناج خصوصاً گندم کی فراہمی میں ہمیشہ تعاون کیا۔پاکستان دوست ملک ہے، دوست ہی مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں پاکستان اور یوکرائن مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں جنگ نے زندگی کا پہیہ نہیں روکا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون کریں گے ۔جو طالب علم یوکرائن میں تعلیم حاصل کر رہے تھے، انہیں واپس یوکرائن بلایا جائے گا۔ڈیجیٹل اور اقتصادی تعاون کو وسعت دیں گے۔پاکستان اہم شراکت دار ہے، دونوں ممالک مل کر غذائی سلامتی پر کام کریں گے بلیک سی گرین اقدام میں پاکستان، ترکیہ اور اقوام متحدہ ہمارے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان، یوکرائن سے گندم خرید رہا تھا، جنگ کے بعد پاکستان کے لیے مشکلات پیدا ہوئیں بلیک سی گرین اقدام ایک کلیدی اہمیت کا حامل ہے جس کا خیرمقدم کرتے ہیں ترکیہ، اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور روس سے بلیک سی گرین اقدام کو بحال کرنے کی بات کریں گے۔
یوکرائن کو کسی طرح بھی اسلحہ فراہم نہیں کر رہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو








