اسلام آباد(ممتازنیوز )وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے پیمرا (ترمیمی) بل 2023ءمنظور کرلیا ہے،یہ بل میں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا،کمیٹی کے ارکان اور میرے درمیان جامع بحث کے بعد کمیٹی نے بل کی منظوری دی۔
ہفتہ کوسماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹرپرجاری پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ پیمرا بل گزشتہ ایک سال کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد تیار کیا گیا،یہ اسٹیک ہولڈرز جوائنٹ کمیٹی کا حصہ ہیں جن میں پی ایف یو جے، پی بی اے، ایمنڈ، سی پی این ای اور اے پی این ایس شامل ہیں،تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا گیا اور ان کی معلومات اور آراءکو بل میں شامل کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ بل کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے دستخطوں کے بعد حتمی شکل دی گئی،میں بل کی تیاری میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی فعال شرکت، وقت، کوشش اور قیمتی ان پٹ پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں،بل کا بنیادی مقصد صحافیوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا اور پاکستان میں آزاد، ذمہ دار اور اخلاقی میڈیا ماحول کو فعال کرنا ہے جیسا کہ دنیا بھر کے جمہوری ممالک میں رائج ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ یہ بل مختلف اہم دیرینہ مسائل اور معاملات کو حل کرے گا جن میں چیئرمین پیمرا کے غیر مرتکز اختیارات، پیمرا اتھارٹی اور شکایات کونسل میں پی ایف یو جے اور پی بی اے کی نمائندگی کا فقدان، صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اور مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کی تعریف شامل ہیں
بل کی نمایاں خصوصیات اور اس کی تیاری کے لئے وسیع شراکتی اور مشاورتی عمل کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لئے اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کروں گی۔









