راولپنڈی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر حال ہی میں آئی سی سی کی جانب سے جاری ورلڈکپ پرومو میں بغض پاکستان کے باعث کپتان بابر اعظم اور قومی ٹیم کی کامیابیوں کو نظر انداز کیے جانے پر بپھر گئے۔
دو روز قبل آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ پرومو کی 2 منٹ 12 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں آئی سی سی نمبر ون بیٹر بابر اعظم کو ہی نہیں دکھایا گیا۔
History will be written and dreams will be realised at the ICC Men's Cricket World Cup 2023 🏆
All it takes is just one day ✨ pic.twitter.com/G5J0Fyzw0Z
— ICC (@ICC) July 20, 2023
پروموشنل ویڈیو میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت نمبر 2 پوزیشن پر موجود پاکستان ٹیم کی زیادہ تر مایوسی کی ہی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جن میں شاداب خان کو چھکا لگنا، محمد عامر کا بولڈ ہونا ، وہاب ریاض کا شاٹ لگنے کے بعد مایوس ہونا اور 1992 میں انضمام الحق کا رن آؤٹ شامل ہے، ایک سین میں پاکستانی فین کو مایوس بیٹھا دکھایا گیا ہے اور ساتھ بھارتی فین اسے دلاسا دیتا دکھایا گیا۔
ویڈیو میں پاکستان کا صرف ایک اچھا لمحہ دکھایا گیا ہے جس میں شاہین وکٹ لے کر سیلیبریٹ کرتے ہیں،سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ تقریباً 2 سال سے آئی سی سی کے نمبر 1 ون ڈے بیٹر کی پوزیشن پر براجمان ، 2021 اور 2022 کے آئی سی سی ون ڈے بیٹر آف دی ایئر بابر اعظم کو اس ویڈیو میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔
Whoever thought that World Cup promo will be complete without Pakistan & Babar Azam's significant presence, has actually presented himself as a joke.
Come on guys, time to grow up a bit.— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) July 22, 2023
اس پرومو پر جہاں شائقین کرکٹ کی جانب سے خاصی تنقید کا اظہار کیا گیا وہیں اب سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اس پرومو پر سیخ پا ہوتے ہوئے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شعیب اختر نے لکھا کہ جو سوچتے ہیں بابر اور پاکستان کی کامیابیوں کے بغیر ورلڈکپ پرومو مکمل ہے تو وہ اپنا مذاق خودبنا رہے ہیں ، ہمت کریں خود کو تھوڑا بڑا کریں۔









