بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہتھیاروں پر دنیا کے اخراجات تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئے

 سٹاک ہوم (مانیٹرنگ ڈیسک )امریکا اور چین نے سال 2021ء کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ اپنی فوج پر خرچ کیا ان دو ممالک نے دنیا کے مجموعی دفاعی بجٹ کا 52 فیصد اپنے دفاع پر خرچ کیا۔ دنیا بھر میں ہتھیاروں کی خرید وفروخت پر نظر رکھنے والے سویڈش ادارے ’’اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ‘‘ یا سپری کے مطابق روس نے بھی یوکرین پر حملہ کرنے سے قبل اپنے دفاعی اخراجات میں کافی اضافہ کر دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس یعنی 2021ء کے دوران عالمی سطح پر ملٹری اخراجات دو ٹریلین ڈالرز کی حد عبور کر گئے۔عالمی سطح پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر نظر رکھنے والے اس سویڈش تھنک ٹینک کے مطابق سال 2021ء کے دوران عالمی سطح پر ملٹی اخراجات 2.113 ٹریلین ڈالرز ریکارڈ کیے گئے۔ یہ سال 2020ء کے مقابلے میں 0.7 فیصد زائد جبکہ سال 2012ء کے مقابلے میں 12 فیصد زائد ہیں۔ اس طرح یہ ساتواں مسلسل سال ہے کہ عالمی سطح پر فوجی اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کورونا کی وبا کے باوجود بھی فوجی اخراجات میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔سپری کے ملٹری ایکسپینڈیچرز اینڈ آرمز پروڈکشن پروگرام سے منسلک سینیئر ریسرچر ڈیگو لوپیز ڈا سلوا کے مطابق،کووڈ انیس کی وبا کے اثرات کے باوجود بھی دنیا کے ملٹری اخراجات ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔سال 2021ء کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ ملٹری اخراجات کرنے والے ممالک بالترتیب امریکا، چین، بھارت، برطانیہ اور روس رہے۔ ان پانچ ممالک نے دنیا بھر کے مجموعی ملٹری اخراجات کا 62 فیصد خرچ کیا۔جبکہ صرف امریکا اور چین نے عالمی ملٹری اخراجات کا 52 فیصد خرچ کیا۔ یہ مسلسل 27واں سال ہے کہ چین کے دفاعی اخراجات بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ برس یہ اخراجات 293 بلین ڈالرز رہے۔ روسی دفاعی اخراجات میں سال 2021ء میں مسلسل تیسرے برس اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سعودی عرب نے سب سے زیادہ عسکری ساز و سامان خرید کر بھارت سے اس حوالے سے پہلی پوزیشن چھین لی۔ سپری کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران فروخت ہونے والا 12 فیصد اسلحہ سعودی عرب نے خریدا۔ 68 فیصد سعودی اسلحہ امریکا سے خریدا گیا۔امریکا نے 2021ء کے دوران دنیا کے کسی بھی اور ملک کی نسبت کہیں زیادہ رقم اپنی ملٹری پر خرچ کی حالانکہ اس سے ایک برس قبل کے مقابلے میں یہ اخراجات نسبتاکم تھے۔ سپری کے مطابق اس کمی کی وجہ امریکا کی طرف سے ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ پر نسبتا کم اخراجات کی بدولت ہے، تاہم امریکا جدید ترین ہتھیاروں کی ٹیکنالوجی کے حصول پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔بھارت نے سال 2021ء کے دوران اپنی ملٹری پر 76.6 بلین ڈالرز خرچ کیے اور یوں یہ دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ دفاعی اخراجات کرنے والا ملک رہا۔ بھارتی ملٹری اخراجات سال 2020ء کے مقابلے میں 0.9 فیصد زائد تھے جبکہ سال 2012ء کے مقابلے میں 33 فیصد زائد ہیں۔