اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے پی ٹی آئی خواتین کے بارے منفی ریمارکس پر مداخلت نہ کرنے پر غلطی تسلیم کر لی۔
نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف نے مبینہ طور پر تحریک انصاف کی خواتین کو اسمبلی کے مشترکہ اجلاس کے دوران کھنڈرات اور باقیات کہا تھا اور انہیں کچرا بھی کہا جس پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کی خواتین سینیٹرز کے احتجاج پر خواجہ آصف کے قابل اعتراض الفاظ کو اسمبلی کارروائی سے حذف کر دیا تھا۔
خواجہ آصف سے اس حوالے سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا تاہم انہوں نے انکار کر دیا۔ چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی نور عالم خان نے بھی خواجہ آصف کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف کی بھی بیٹیاں اور بہنیں ہیں، انہیں ایسا نہیں کہنا چاہئے تھا۔
اب اس حوالے سے پی پی رہنما شیری رحمان کا بیان بھی سامنے آیا ہے کہ انہوں نے خواجہ آصف کے خواتین سے متعلق بیان کے دوران اس پر غور نہیں کیا، اگر انہیں اس وقت علم ہوتا کہ وہ خواتین سے متعلق ایسے الفاظ استعمال کر رہے ہیں تو وہ لازمی مداخلت کرتیں، انہوں نے خواجہ آصف کا بیان غور سے نہ سننے کو اپنی غلطی قرار دیا۔









