بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

” عمران خان نے عدالت میں کہا بریگیڈیئر وسیم چیمہ تحائف فروخت کرتے تھے انہیں بطور گواہ عدالت میں بلایا جائے “ سینئر صحافی کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں دفعہ 342 کے تحت بیان قلمبند کر وا دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ” رائے ثاقب کھرل “ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیاہے کہ ” عمران خان نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ ”بر یگیڈیئر وسیم چیمہ تحائف فروخت کرتے تھے، بطور گواہ ان کو عدالت میں بلایا جائے“۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمران خان جس پاک فوج کے افسر کا نام لے رہے ہیں وہ ان کے دور حکومت میں ملٹری سیکریٹری رہے ہیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے 342کا بیان قلمبند کراتے ہوئے کہاکہ میں نے کیس میں کسی کو نمائندہ مقرر کیا ہی نہیں،سیشن عدالت نے خود ہی میرا نمائندہ مقرر کر دیا، سیشن عدالت نے میرا نمائندہ مقرر کرکے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے، میں نے نمائندہ مقرر کرنے کی کوئی درخواست جمع نہیں کرائی ،میرے وکلا نے سیشن عدالت کی جانب سے نمائندہ مقرر کرنے کی مخالفت بھی کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ سیشن کورٹ خود سے میرا نمائندہ مقرر نہیں کر سکتی، مجھے گواہان کے بیانات قلمبند کرتے وقت ہر سماعت پر استثنیٰ دیا گیا، سیشن عدالت کے فیصلے کے مطابق میرے مقرر نمائندہ کا موقف ٹھیک طرح نہیں لکھا گیا، میری غیرموجودگی میں گواہان کا بیان ریکارڈ کرنے کی قانون اجازت نہیں دیتا، میری غیر موجودگی میں قلمبند کیا گیا گواہان کا بیان میرے سامنے نہیں پڑھا جا سکتا۔
عمران خان نے کہاکہ عاشورہ کی چھٹیوں کے دوران گواہان کے بیانات مجھے مہیا کئے گئے،31جولائی کو مکمل دن میں عدالت رہا اور گواہان کے بیانات پڑھے، الیکشن کمیشن نے شکایت دائر کرنے کیلئے کسی کو نامزد نہیں کیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے شکایت 120دنوں کے بعد دائر کی گئی ،میں نے 2017اور 2018کے اپنے اثاثے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے، میں نے 2019اور2020کے اپنے اثاثے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے، میں نے 2020اور 2021کے اپنے اثاثے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے تھے۔