بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 وزیراعظم اورآرمی چیف کا پشاورکادورہ ،صوبے کی سکیورٹی کی صورتحال ،خاردھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی

پشاور(ممتازنیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پشاورکادورہ کیاجہاں وزیراعظم کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال سمیت خار خودکش دھماکے، زیر تفتیش تحقیقات پر پیش رفت، منصوبہ سازوں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے درمیان روابط کے خاتمے اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

 

 

وزیر اعظم نے خودکش دھماکوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے، سرحد پار سے معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور پاکستان دشمن عناصر کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ افغان عبوری حکومت کو اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کے لئے استعمال ہونے سے روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

 

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے زخمی افراد کو خار سے پشاور منتقل کرنے کے لئے پاک آرمی کی ہنگامی کاوشوں کو سراہا۔

 

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف نے زیر علاج زخمی افراد کی عیادت کے لئے سی ایم ایچ کا دورہ بھی کیا اور ان سے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو مکمل صحت یابی تک علاج معالجے کی ہر بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

 

وزیراعظم نے خار خودکش دھماکہ کے متاثرین کے خاندانوں کو یقین دلایا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے نقصان میں برابر کی شریک ہےدہشت گردوں کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔

 

وزیراعظم نے کہاکہ قوم کے تعاون سے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔قبل ازیں کور کمانڈر پشاور نے وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف کا پشاور پہنچنے پر استقبال کیا۔