اسلام آباد(ممتازنیوز)یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہاہے کہ 05 اگست 2019 کا دن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کی المناک تاریخ میں ایک اور اضافہ ہے۔پانچ اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کیا۔ 1947 میں مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے بعد یہ بدترین بھارتی کاروائی ہے۔05 اگست کے اقدامات انتہا پسند ہندوؤں کی مسلمانوں کے خلاف دشمنی کا واضح مظہر ہے۔بھارتی اقدامات کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔مودی حکومت نے درجنوں امتیازی قوانین اور ڈومیسائل رولز کو مقبوضہ کشمیر میں لاگو کیا ہے۔بھارت نے یہ اقدامات اسرائیل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اٹھائے ہیں۔بھارت نے اب تک غیر کشمیریوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے 40 لاکھ سے زیادہ ڈومیسائل جاری کیے ہیں۔ بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں۔بین الاقوامی قوانین قابض طاقت کو اپنی آبادی کو متنازعہ علاقے میں منتقل کرنے سے سختی سے منع کرتے ہیں۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوؤں کو اکثریت دلوانے کے لیے انتخابی حلقوں کی حد بندیوں میں تبدیلیاں کی ہیں۔مقبوضہ کشمیر بھارتی ڈیجیٹل رکاوٹوں کے حوالے سے دنیا میں سرفہرست بن چکاہے۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی المناک صورتحال بین الاقوامی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔عالمی برادری کو اپنے ذاتی مفادات کے حصار سے باہر نکل کر بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔کشمیری عوام نےپچھلی سات دہائیوں میں بھارتی جبر کے تمام ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔آج پوری دُنیا کے پاکستانی اور کشمیری بھارتی جابرانہ اقدامات کے خلاف ”یوم استحصال منا رہے ہیں۔پاکستان کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کوششیں کرتا رہے گا۔دہائیوں پر محیط پاکستان اور کشمیریوں کے رشتے انتہائی گہرے اور بے مثال ہیں۔عظیم حریت رہنما مرحوم سید علی گیلانی نے کہا تھا ”ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے”۔انہوں نے مزید کہا ہےکہ نڈر کشمیری اپنے شہداء کی سبز ہلالی پرچم میں تدفین کرتے ہیں۔پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں سے اپنےگہرے رشتوں کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاکستان تمام تر حالات میں کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔
یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کا خصوصی پیغام








