پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے توشہ خانہ اپیل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
خواجہ حارث ایڈووکیٹ کی جانب سے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کردی گئی۔ قانونی ٹیم کی جانب سے دائر درخواست پر ڈائری نمبر لگا دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر کیس دوبارہ سننے کا حکم دیا تھا۔
عدالت عالیہ نے قرار دیا تھا کہ دوبارہ سماعت میں کیس کے جج ہمایوں دلاور ہی رہیں گے۔
کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔
عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں حق دفاع کی بحالی کی درخواست پر فیصلہ نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پندرہ صٖفحات پر مشتمل فیصلہ سنایا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں پر فیصلہ جمعرات کو محفوظ کیا گیا تھا۔









