اسلام آباد (ممتازنیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہاہے کہ مجھے احساس ہے کہ آج پاکستانی اور تحریک انصاف سے منسلک ہر کارکن اضطراب کی کیفیت میں ہے۔ جو فیصلہ آج آیا ہے لوگوں نے انہیں انصاف کے تقاضوں کے برعکس جانا ہے ۔عمران خان جو بنیادی حق تھاآرٹیکل 10 اے کے تحت فیئرٹرائل کا وہ میسر نہیں ہوا۔ ہم عمران خان کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ قانونی جنگ اور سیاسی جدوجہد بھی کرنی ہے۔ پرامن انداز میں ہم نے آگے بڑھنا ہے۔ عمران خان کے واضح احکامات ہیں کہ ہم نے آگے بڑھناہے۔ پارٹی کی سینئرلیڈرشب سے میرا ٹیلیفونک رابطہ ہواہےکورکمیٹی کا اجلاس بھی آج طلب کیاہے جس میں آگے کا لائحہ عمل طے کرناہے ۔قوم میں اضطراب، غم و غصہ اور ردعمل کی کیفیت فطری ہے۔کارکنان اور عوام احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں، آئین انہیں اس کا پورا حق دیتا ہے۔کارکنان اور عوام کو میسّر آئینی حق سلب نہیں کیا جاسکتا۔ہم نے قانون کو ہاتھ میں لینا ہے نہ ہی املاک کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا ہے۔مگر حقیقی آزادی کی اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔وکلاء سے مشاورت اور کورکمیٹی کے فیصلوں کی کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل کے اسی سیل میں رکھا جائے گاجہاں دو سابق وزراء نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو رکھا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق آج صبح اڈیالہ جیل کے سیل کو صاف کیا گیا تھا ۔دوہفتے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو بھی لاہور سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی اور پرویز الٰہی کی ملاقات کا بھی امکان متوقع ہے البتہ اگر جیل حکام کی طرف سے سختی کی گئی تو ملاقات نہیں ہوگی۔ یہ حسن اتفاق ہوگا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پی ٹی آئی پنجا ب کے صدر پرویز الٰہی ایک ہی وقت میں ایک جیل میں ہونگے ۔ پرویز الٰہی کوسزا نہیں ہوئی لیکن مختلف مقدمات میں قید ہیں جبکہ عمران خان کو سزا کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا جارہاہے۔









