اسلام آباد(ممتاز نیوز) الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی چلنے والی تمام خبروں کی تردید کردی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا نہ کوئی اجلاس ہوا اور نہ ہی یہ موضوع زیر غور رہا ہے ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق آج الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن اور لیگل ٹیم نے شرکت کی ۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری کے اعداد وشمار کی سرکاری اشاعت اور الیکشن کمیشن کے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرنے کے لئے لیگل ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ کل الیکشن کمیشن کو آئین اور قانون کی روشنی میں ضروری رہنمائی مہیا کرے ۔ الیکشن کمیشن کی میٹنگ کل 11:30بجے دوبارہ ہوگی ۔ مزید الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کو دس دن کی مہلت دیتے ہوئے حکم دیا کہ وہ دیگر سیاسی جماعتوں کی فارن فنڈنگ سے متعلق اپنی سکروٹنی رپورٹ ہر صورت میں الیکشن کے روبرو پیش کرے ۔اور اس کو آخری مہلت سمجھا جائے ۔ اسکے علاوہ الیکشن کمیشن نے لاء ونگ کو حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے دائر کردہ تمام پرائیوٹ شکایات complaints جوکہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں انکی فوری سماعت اور فیصلہ جات کے لئے متعلقہ معزز عدالتوں سے رجو ع کرے تاکہ ان شکایات پر بروقت فیصلہ جات اور ان پر عملد رآمد کو یقینی بنایا جاسکے ۔
الیکشن کمیشن کی عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کی خبروں کی تردید








