اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ نگران وزیراعظم کی مدت لمبی ہوسکتی ہے اس لئے زیاہ لوگ خواہش مند ہیں،میرا خیال ہے جو بھی ہوناہوگا کل شام تک ہوجائے گا، الیکشن 2024 کے اوائل میں ہو جانے چاہئیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ نگران وزیراعظم کی تعیناتی کے عمل میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض بھی برابر کے حصہ دار ہیں، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کے دیئے گئے نام پر اتفاق کر لیں ، یہ بھی ہوسکتا ہے جس کا نام ہی نہ ہو وہ آجائے ۔
انہوں نے کہاکہ نگران وزیراعظم کی مدت لمبی ہوسکتی ہے اس لئے زیاہ لوگ خواہش مند ہیں۔میرا خیال ہے جو بھی ہوناہوگا کل شام تک ہوجائے گا۔جوبھی نگران وزیراعظم ہو گا وہ ہمارے اعتماد کا آدمی ہوگا۔ ہماری حکومت کا خاصہ ہے کہ ہمارے سارے فیصلے آخری وقت میں ہوتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ میرے خیال میں الیکشن 2024 کے اوائل میں ہو جانے چاہئیں۔ستمبرتک عدلیہ کے ساتھ ہماری محاذآرائی ہے ،نہیں چاہتے آگے بھی ہو۔میرے خیال میں میاں نوازشریف کوستمبر تک آجانا چاہئے ،انتخابی مہم میں ان کا اہم کردار ہوگا۔









