کراچی(ممتازنیوز )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بھی آئین کی پاسداری ہے،نفرت و تقسیم کی سیاست کا خاتمہ اور اقلیتوں سمیت تمام پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف صرف پیپلز پارٹی دلا سکتی ہے،بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست کی تاریخی تقریر میں واضح کردیا تھا کہ نئی ریاست میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔
بلاول ہاؤس کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے حوالے سے ہمیشہ عادلانہ و قابلِ عمل نقطہ نظر اختیار کیا،1973 کا آئین پی پی پی کے نقطہ نظر کی ایک واضح مثال ہے، جو تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے ادوارِ وزارتِ اعظمیٰ کے دوران اقلیتوں کے مسائل کے حل اور ان کی ترقی و بہبود کے لیے بےشمار اقدام اٹھائے،بینظیر بھٹو نے اقلیتوں کے لیے جو انقلابی اقدام اٹھائے، ان میں وزارتِ اقلیتی امور کا قیام بھی شامل ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ11 اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کرنے پرسابق صدر آصف علی زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے غیر مسلم کارکنان کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل سیٹوں پر ٹکٹ دیئے اور سینیٹ میں بھی اپنے غیر مسلم کارکنان کو بھرپور نمائندگی دی اور دیگر جماعتوں کے مقابلے میں اپنی حکومتوں کی کابینہ میں بھی اقلیتی برادری کو سب سے زیادہ نمائندگی دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیر مسلم شہریوں کے حقوق و بہبود کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی نے جو قانون سازی اور عملی اقدامات کئے ہیں، اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ملک کی تمام اقلیتوں کو ملکی ترقی میں کردار پر سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت اور وسیع تر قومی اتفاق و اتحاد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔









