بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کا پنجاب کے 25 منحرف ایم پی ایز کو ‘ڈی سیٹ کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق ریفرنس کے حوالے سے 29 اپریل کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔صوبائی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر محمد سبطین خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر جسٹس شجاعت علی خان نے سماعت کی۔
ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 25 قانون سازوں نے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کے حق میں ووٹ ڈالے۔حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے والے قانون سازوں میں راجا صغیر احمد، ملک غلام رسول سانگا، سعید اکبر خان، محمد اجمل، فیصل حیات، مہر محمد اسلم، میاں خالد محمود، عبدالعلیم خان، نذیر احمد چوہان، محمد امین ذوالقرنین، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان، زوار حسین وڑائچ، نذیر احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل، عظمیٰ کاردار، ملک اسد علی، اعجاز مسیح، محمد سبطین رضا اور محسن عطا کھوسہ شامل تھے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 63-اے (1) (بی) (آئی) کے تحت وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں اگر کسی پارلیمانی پارٹی کا کوئی رکن اپنی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے جاری کردہ کسی بھی ہدایت کے خلاف ووٹ دیتا ہے یا ووٹ دینے سے باز رہتا ہے تو پارٹی کے سربراہ کی جانب سے اسے تحریری طور پر سیاسی جماعت سے منحرف قرار دیا جائے گا اور پارٹی سربراہ اس اعلامیے کی ایک کاپی پریزائیڈنگ افسر، چیف الیکشن کمشنر اور اس متعلقہ رکن کو بھیجے گا۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست میں نامزد 25 ایم پی ایز کو پی ٹی آئی کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی تھیں لیکن انہوں نے حمزہ شہباز کو ووٹ دیا، اس کے بعد منحرف اراکین کو ان کے مؤقف کی وضاحت کے لیے شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔