بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک انصاف کی چیف جسٹس سے عثمان ڈار اور ان کے اہلِ خانہ سمیت تحریک انصاف کے قائدین و کارکنان کے بنیادی آئینی حقوق کی بدترین پامالیوں کےخلاف از خود نوٹس کی استدعا

اسلام آباد(ممتازنیوز )پاکستان تحریک انصاف نے مرکزی رہنما ء عثمان ڈار اوران کے اہل خانہ کے خلاف ریاستی وحشت و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان سے عثمان ڈار اور ان کے اہلِ خانہ سمیت تحریک انصاف کے قائدین و کارکنان کے بنیادی آئینی حقوق کی بدترین پامالیوں کے از خود نوٹس کی استدعا کردی۔
ہفتہ کوپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیاسیل سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی آئی ترجمان نے کہاکہ عثمان ڈار اور ان کے اہلِ خانہ کےخلاف کی جانے والی غیرقانونی کارروائی ریاستی وحشت اور درندگی کی بدترین مثال ہے،عثمان ڈار کا واحد گناہ ان کی تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان سے غیرمتزلزل وابستگی ہے،عثمان ڈار اور ان کے اہلِ خانہ ابتداء ہی سے ریاستی وحشت کے نشانے پر ہیں،باوردی غنڈوں نے گھر میں گھس کر ان کی ضعیف والدہ کی توہین کی اور ان کی رہائشگاہ میں بار بار وحشیانہ توڑ پھوڑ کی گئی۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ تمام آئینی و قانونی تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے پورے خاندان کو شرمناک اجتماعی سزا جیسے وحشیانہ حربے کا نشانہ بنایا گیا ہے،پچھلے کچھ عرصے سے تحریک انصاف کے عمائدین کیخلاف ریاستی وحشت میں تیزی آئی ہے،محسن لغاری کے جواں سال بیٹے اور فیصل نیازی کے بھائی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا،سیف الدین کھوسہ، نیاز حسین جھکڑ اور نوابزادہ منصور سمیت متعدد قائدین کو تحریک انصاف سے علیحدگی پر مجبور کرنے کیلئے سفاکیّت کا مظاہرہ کیا گیا،علی اعوان، اظہر مشوانی کے بھائی اور چیئرمین کے ذاتی معاون علی خان بھی ریاستی ظلم اور جبر کی گرفت میں ہیں،پورے ملک میں تحریک انصاف کے کارکنان اور قائدین کی جان، مال، اہلِ خانہ اور کاروبار ماورائے قانون و دستورِ حملوں کی زد میں ہیں،عدالتِ عظمیٰ سے استدعا ہے کہ آئین کے تحت تحریک انصاف کے کارکنان و وابستگان کے جان و مال کی سلامتی کا اہتمام کیا جائے اور ریاستی غنڈوں کا محاسبہ کیا جائے۔