اسلام آباد(ممتازنیوز )پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے شیرافضل مروت کی ٹویٹ کا نوٹس لیتے ہوئےشیرافضل مروت ایڈووکیٹ کے تاثرات کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کرلیا،ہفتہ کوپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیاسیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی آئی ترجمان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف اپنی سیاسی جدوجہد کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے،چیئرمین عمران خان کی منظوری سے تحریک انصاف کی کورکمیٹی نہایت پیچیدہ صورتحال میں فیصلہ سازی کا حسّاس فریضہ سرانجام دے رہی ہے،نہایت قابل، محنتی اور وفاشعار قانونی ماہرین پر مشتمل قانونی ٹیم چیئرمین سمیت قائدین اور کارکنان کیخلاف لاقانونیت اور بدترین انتقام کی یلغار میں حصولِ انصاف کیلئے کوشاں ہے۔
تحریک انصاف کے ترجما ن نے کہاکہ جبر و فسطائیت کے ماحول میں قانون کی حکمرانی اور حصولِ انصاف کی ان کی کوششوں کو پارٹی کے تمام کارکنان اور قائدین خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،شیرافضل مروت ایڈووکیٹ کو اپنے تاثرات کا اظہار ٹویٹر کی بجائے پارٹی پلیٹ فارمز پر کرنا چاہئے تھا،فی الوقت ان کے خیالات کو ان کے نجی تاثرات ہی کے زُمرے میں رکھ کر ان کا جائزہ لیا جائے گا،تحریک انصاف کو کچلنے
کے ریاستی عزائم کے پیشِ نظر داخلی منافرت و تقسیم کی سازش کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔
ترجمان نے کہاکہ تحریک انصاف کی اجتماعی فیصلہ سازی کے عمل میں رخنہ اندازی یا تحریکی وحدت کو نقصان پہنچانے کی ہر مذموم دانستہ یا نادانستہ کوشش کو مکمل اتحاد، یگانگت اور اعتمادِ باہمی سے ناکام بنائیں گے،شیر افضل مروت ایڈووکیٹ اپنے خیالات و تاثرات کی پڑتال کیلئے تحریکی نظم سے معاونت کریں،قانونی ٹیم اسی محنت، لگن، جذبے اور ہمّت سے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھے جو ان نامساعد حالات میں ان کی پہچان اور طُرّۂ امتیاز بن چکا ہے۔
شیرافضل مروت ایڈووکیٹ کو اپنے تاثرات کا اظہار ٹویٹر کی بجائے پارٹی پلیٹ فارمز پر کرنا چاہئے تھا،پی ٹی آئی کاشیرافضل مروت ایڈووکیٹ کے تاثرات کی مکمل چھان بین کا فیصلہ








