نوشہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز نے نوشہرہ سے جلسہ کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا صفایا نہ کیا تو کوئی ہمارا نام بدل دے۔
نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے پرویز خٹک اکیلا ہے وہ آج کا جلسہ دیکھ لیں، عمران خان غرور کرتا ہے اور غرور اللہ کو پسند نہیں۔
پرویز خٹک نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جتنی خدمت میں نے کی کوئی نہیں کر سکتا۔ 2013 میں پی ٹی آئی کی کامیابی ان الیکٹیبلز کی وجہ سے ہوئی جو میرے ساتھ آئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان ہر تقریر میں خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہیں، وہ کارکردگی ہماری ہی تھی۔ نوجوان اس غلط فہمی میں نا رہیں کہ عمران خان آکر نیا پاکستان بنائے گا۔
پرویز خٹک نے کہاکہ عمران خان خاک نیا پاکستان بنائے گا اس نے تو میرے جیسے بندے کو بھی بیوقوف بنایا، یقین ہے کہ خیبر پختونخوا کے لوگ ہمارا ساتھ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے جھوٹ نہیں بولیں گے، وہ منشور بنایا جائے گا جس پر عمل کر سکیں۔
پرویز خٹک نے کہاکہ پی ٹی آئی چھوڑی تو ان کے کچھ بچے سوشل میڈیا پر مجھے گالیاں دیتے رہے، ان کے لیڈر نے انہیں تمیز اور تہذیب نہیں سکھائی۔









