لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم بابراعظم کی قیادت میں اچھا پرفارم کر رہی ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے ہمبنٹوٹا، سری لنکا میں قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی او افغانستان کے خلاف پہلے میچ سے قبل قومی ٹیم سے اہم گفتگو کی۔
اس موقع پر ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ بابراعظم کے پاس بڑی باصلاحیت ٹیم ہے ہر کوئی اپنے رول میں اچھا پرفارم کر رہا ہے، ہمارے پاس ورلڈ کلاس باؤلرز اور بیٹرز ہیں ، ہمارا کمبی نیشن اچھا ہے کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم ٹرافی نہ جیتیں۔
ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور دنیا بھر کے سابق کرکٹرز پاکستان ٹیم کو مضبوط قرار دے رہے ہیں ، جس فارم میں پاکستان ٹیم ہے وہ کسی کو بھی ہرا سکتی ہے، سابق کرکٹرز کے خیال میں ہم ایشیا کپ کے سب سے فیورٹ ہیں، آپ لوگوں میں کوئی کمی نہیں ہے سب میں صلاحتیں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ جیت چکے ہیں دو مرتبہ ایشیا کپ بھی جیتا ہوا ہے، ہمیں اس کی کوئی وجہ دکھائی نہیں دیتی کہ ہم دوبارہ نہیں جیت سکتے ، میدان میں اپنا بہترین کھیل پیش کریں ،نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بڑی امید ہے کہ آپ کی کوشش اور محنت سے پاکستان ایشیا کپ جیتے گا، مجھے یقین ہے کہ آپ اس مومنٹم اور اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے اور ورلڈ کپ ٹرافی کو وطن واپس لائیں گے۔









