غذائی عدم تحفظ کے مسائل حل کرنے میں نجی شعبے کا تعاون بہت مفید کردار ادا کر سکتا ہے۔ محترمہ ری ایشی
ورلڈ فوڈ پروگرام کی سپلائی چین سربراہ کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ
اسلام آباد: ورلڈ فوڈ پروگرام کی سپلائی چین کی سربراہ محترمہ ری ایشی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور معاشرے کے کمزور طبقات کے غذائی عدم تحفظ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے چیمبر کے ساتھ باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی مہمان کا چیمبر میں خیرمقدم کیا اور ان کے ادارے کی طرف سے پاکستان میں معاشرے کے کمزور طبقات کو خوراک اور غذائی امداد فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر معاشرے کے کمزور افراد کے لیے خوراک اور غذائیت کی فراہمی کی کوششوں میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی فوڈ شعبے کی ممبر کمپنیاں بطور سپلائرز اور وینڈرز ورلڈ فوڈ پروگرام کے ہاتھ مزید مضبوط کر سکتی ہے تا کہ یہ ادارہ مزید بہتر انداز میں کمزور طبقات کی خدمت کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام سیلاب سمیت دیگر قدرتی آفات میں متاثر افراد کی فوری امداد کیلئے پہنچتا ہے جو قابل ستائش ہے اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر کی ممبر کمپنیاں ان کوششوں میں بھی ان کے ادارے کے ساتھ تعاون کر سکتی ہیں۔ انہوں نے دلچسپی کے دیگر شعبوں میں بھی ورلد فوڈ پروگرام اور چیمبر کے درمیان باہمی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ورلڈ فوڈ پروگرام کی سپلائی چین کی سربراہ محترمہ ری ایشی نے کہا کہ ان کے ادارے نے اگست 2022سے پاکستان میں 38لاکھ سے زائد سیلاب متاثرین میں 80 ہزار میٹرک ٹن خوراک اور غذا تقسیم کی اور 3کروڑ ڈالر سے زائد کی نقدی امداد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کومتعدد خطرات کا سامنا ہے جو پاکستان کی پائیدار ترقی کے اہداف اور وژن 2025 کی طرف پیش قدمی میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان کو بھوک سے پاک کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے اور تاجر برادری کا تعاون ان کوششوں کو مزید موثر بنانے میں بہت معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں خوراک کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کو پالیسی سازی اور مشاورتی معاونت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی ممبر کمپنیوں کی کمیونٹیز تک بہتر رسائی ہے لہذا ان کا ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ تعاون پاکستان میں غذائی عدم تحفظ کے مسائل کو کم کرنے میں بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری کہا کہ معاشرے کے غریب افراد کو خوراک اور غذائیت کی فراہمی ایک بہت ہی نیک کام ہے اور یقین دلایا کہ چیمبر اور اس کی ممبر کمپنیاں اس نیک مشن میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر فصیح اللہ خان نے بھی آئی سی سی آئی اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر روشنی ڈالی جو دونوں اداروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔
معاشرے کے کمزور طبقات کی غذائی ضروریات پورا کرنے میں ہرممکن تعاون کریں گے۔احسن بختاوری








