ملتان ( مقبول حسین) چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کہا ہے کہ تاجر رہنما سیاسی جماعتوں کے ایجنٹوں کے عزائم ناکام بنائیں ،کل 31اگست کو مثالی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاجر ملک بھر میں بجلی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف دکانیں بند رکھیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے ذمہ داران سے ایک اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
خواجہ محمد شفیق نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی جانب سے ٹیلی فونک رابط ہو اہے اور انہوں نے 2ستمبر کی ہڑتال کی حمایت کی درخواست کی ہے خواجہ محمد شفیق نے بتایا کہ میں نے انہیں جواب دیا ہے کہ آپ سے میری پرانی نیاز مندی ہے اور میں آپ کا بے پناہ احترام کرتا ہوں آپ کے لیے لازم تھا کہ آپ ہڑتال کی کال دینے سے پہلے تاجر قیادت سے مشاورت کرتے ۔
وکلاء ڈاکٹرز اور دیگر طبقات کے احتجاج کا بھی فیصلہ آپ کریں گے یقینا ایسا نہیں ہو گا ،میں نے انہیں گزارش کی کہ آپ کی جماعت اور اس سے وابستہ افراد انتہائی احسن لوگ ہیں لیکن جماعت اسلامی کی جانب سے اپنایا گیا طریقہ کار مناسب نہیں ۔
خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ میں اپنی بیماری طویل عمر کی وجہ سے تمام تر اختیارات آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کو سونپ دئیے ہیں ۔
انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے غریب بھائیوں ملازمین مزدوروں محنت کشوں مزارعین اور غریب عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کے لیے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کریں اور حکمران اربوں کھربوں کی فری بجلی سپلائی بند کریں 400ارب سالانہ بجلی چوری پر قابو پائیں اور پورے ملک میں ہر صوبہ میں شہر کے باسیوں سے یکساں بجلی بل وصول کرے ۔
اجلاس کے شرکاء کی جانب سے خواجہ محمد شفیق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ آج بھرپور انداز سے ہڑتال کامیاب کرائی جائے گی ۔
اجلاس میں چوہدری طارق کریم،شیخ طاہر امجد،احتشام الحق،میاں ظفر اقبال،خواجہ عمار یاسر،خواجہ یاسر اشفاق،ملک طاہر ڈوگر،حاجی اصغر اکبر،عزیز الرحمن انصاری،سیف اللہ شیخ،شیخ منیر احمد دیگر نے شرکت کی۔
تاجر کل ملک بھر میں بجلی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف دکانیں بند رکھیں،چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران








