فروٹ و سبزی منڈی کو بہتر طور پر ترقی د ینے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ ساجد عباسی
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان فروٹ و سبزی سمیت سالانہ تقریبا 5ارب ڈالر سے زائد کی زرعی اجناس امپورٹ کرتا ہے جبکہ زراعت کے شعبے کی بہتر ترقی پر توجہ دے کر سبزیوں و پھلوں سمیت پاکستان زرعی اجناس کی برآمدات کو 10ارب ڈالر سالانہ سے زائد کرسکتا ہے جس سے معیشت بہتر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی فروٹ و سبزی منڈی ایک اہم جگہ پر واقع ہے جو جڑواں شہروں سمیت، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں کو سبزیاں اور فروٹ سپلائی کرتی ہے اور برآمدات کے فروغ میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ہول سیل مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں جس سے کاروباری سرگرمیاں بہتر فروغ پائیں گی اور سبزیوں و پھلوں کی برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی الیون فور کی فروٹ و سبزی منڈی کی مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین ساجد عباسی کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کرنے والے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مارکیٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین صفدر صدیق، نعیم اعظم خان، آغا سراج درانی، چوہدری الیاس، سہیل چوہدری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر مارکیٹ کمیٹی سے متعلقہ تاجروں کے اہم مسائل سے چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کو آگاہ کیا اور ان کو جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین ساجد عباسی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ وہ ایک عوامی نمائندے ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مارکیٹ کمیٹی کو تاجروں اور عوام کے بہترین مفاد میں استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی فروٹ و سبزی منڈی کی بہتر ترقی کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی سے تجاوزات کا جلد خاتمہ کیا جائے گا اور صفائی کا نظام بھی مزید بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو فروٹ و سبزی اور دیگر اجناس مناسب قیمتوں پر فراہم کرنا ان اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہریوں کی سہولت کیلئے آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر ہر مارکیٹ میں فلاور مارکیٹ کی طرز پر فروٹ، سبزی اور گوشت کی دکانوں کا اہتمام کرنے کی کوشش کریں گے جو اسی مارکیٹ میں یہی کاروبار کرنے والے افراد کو انتہائی کم کرائے پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاجروں کے اہم معاملات پر چیمبر کو اعتماد میں لے کر فیصلے کریں گے تا کہ افہام و تفہیم سے معاملات بہتر کئے جائیں۔
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ سبزی منڈی میں آکشن پلیٹ فارم کو پکا کیا جائے، صفائی ستھرائی کا نظام مزید بہتر کیا جائے، کولڈ سٹوریج کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی پر غور کیا جائے اور ٹریک سٹینڈ کو بھی مزید بہتر بنایا جائے۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاری نے کہا کہ ساجد عباسی ایک عوامی آدمی ہیں اور امید ہے کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی تاجروں کے اہم معاملات پر چیمبر کو ساتھ لے کر چلے تا کہ مل جل کر مسائل حل کئے جائیں اور شہریوں کو ریلیف دیا جائے۔
مقصود تابش، خالد چوہدری، امیر حمزہ، بابر چوہدری اور یگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
زرعی شعبے پر توجہ دے کر زرعی برآمدات کو 10ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے: احسن بختاری








