ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کے علاوہ غیر ملکی سفارت خانوں کے ملٹری اتاشی اور سفارت کاروں نے شرکت کی جبکہ اہم سعودی شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ یوم دفاع پاکستان کی تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں اور ملٹری اتاشیز کا سفیر پاکستان احمد فاروق اور ملٹری اتاشی بریگیڈیئر عاصم نے استقبال کیا جبکہ اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقعہ پر سفارت خانہ پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم کا کہنا تھا کہ چھ ستمبر ہماری عسکری تاریخ کا روشن ترین دن ہے جب پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو اسکے مذموم عزائم میں ناکام بنایا پاک فوج دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں سے پہچانی جاتی ہے اور قیام امن کے لئے اقوام متحدہ کے مختلف مشنز میں بھی کام کرتی ہے اور پاک فوج کا ہر جوان دفاع وطن کے لئے ہر لمحہ تیار کھڑی ہے جبکہ پاک سعودی عسکری تعلقات کو بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے جس سے دونوں ممالک دفاعی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔
سفیرِ پاکستان احمد فاروق کا کہنا تھا کہ چھ ستمبر کو پاکستان نے خود سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرت ناک شکست سے دوچاد کیا اور پاک فوج اور عوام نے ملکر جنگ لڑی مگر پاکستان امن کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ دنیا میں امن قائم رہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا آ رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے تاکہ خطے میں امن کی فضا کو فروغ مل سکے۔
جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے سفارت خانہ پاکستان کی کاوش کو سراہا اور غیر ملکی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ تقریب میں موجود پاکستانی فوجی افسران کی کارکردگی کو بھی سراہا۔










